نواز شریف کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات،حکومتی اتحاد میں شمولیت کی پیشکش:حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے:غفور حیدری

نواز شریف کی  مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات،حکومتی اتحاد میں شمولیت کی پیشکش:حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے:غفور حیدری

اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے ،خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں) قائد مسلم لیگ ن نواز شریف نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور حکومت میں شمولیت کی پیشکش کی ۔

 نواز شریف کے ساتھ سپیکر ایاز صادق، اسحاق ڈار ، احسن اقبال، رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے ۔ نوازشریف کی آمد پر فضل الرحمن، گورنر خیبر پختونخوا غلام علی ، عبدالغفورحیدری ، نور عالم خان نے ان کا استقبال کیا۔جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے ہمارا موقف قائم ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے ۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے فضل الرحمن سے ملاقات میں ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کا کہنا ہے نوازشریف نے فضل الرحمن کو حکومت میں شمولیت پر آمادہ کرنے کے ساتھ ن لیگ کے نامزد وزیراعظم اور صدر مملکت کیلئے ووٹ بھی مانگا۔ اطلاعات کے مطابق نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن کے مابین نصف گھنٹہ ون آن ون ملاقات بھی ہوئی۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی سربراہ نے فوری جواب کے بجائے مرکزی مجلس شوریٰ اور جنرل کونسل کے سامنے رائے رکھنے تک وقت مانگ لیا ۔بڑی بیٹھک میں بھی کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔ن لیگ نے مذاکرات کا سلسلہ آج ہفتہ کو بھی جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے ۔ لیگی رہنمائوں کی گاجر کے حلوے اور گڑ والی چائے سے تواضع کی گئی۔ رہنماؤں نے دعویٰ کیا نوازشریف کافی حدتک فضل الرحمن کوقائل کرنے میں کامیاب رہے ۔ ملاقات کے بعدرانا ثنا اللہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہا نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن کی ملاقات اچھی رہی دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں تمام قومی معاملات زیر غور لائے گئے ۔

انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن نے اپنے موقف سے آگاہ کیا وہ ہمارے رہنما ہیں ہم نے سخت وقت گزارا ہے ہمیں ان سے ہمیشہ رہنمائی ملتی رہی ہے ہماری کوشش ہے وہ ہمارے ساتھ رہیں۔ انہوں نے کہا نواز شریف مولانا فضل الرحمن سے ووٹ مانگنے کی نیت سے نہیں آئے تھے ملک کو درپیش سیاسی صورتحال پر بات ہوئی ہے اورون آن ون ملاقات میں پاکستان کی بہتری کے لئے کسی نتیجہ پر پہنچے ہوں گے ۔انہوں نے کہا نواز شریف اور مولانا فضل الرحمن نے کبھی ایک دوسرے کی بات نہیں ٹالی، ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔رانا ثنا اللہ نے کہا مولانا فضل الرحمن ہمارے ساتھ بہت شفیق ہیں انہیں ہم کہیں جانے نہیں دیں گے ان کی ہم سے کوئی ناراضی نہیں ہے ،مجھے امید ہے مولانا فضل الرحمٰن تحریک انصاف کے ساتھ سڑکوں پر نہیں نکلیں گے ۔محمود خان اچکزائی معتبر اور محب وطن سیاست دان ہیں ان کو بھی ساتھ جوڑیں گے ۔رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھااچھے کی امیدہے ، اللہ پاک بہتر کرے گا، ان شااللہ سب ٹھیک ہوگا۔جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا دونوں رہنما باہر آئے تو خوش نظر آئے ،ملاقات میں پیش رفت ہوئی ہے ،ہمارا موقف قائم ہے ہم حکومت کا حصہ نہیں ہوں گے ۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہم نے بڑا فیصلہ لیا ہے ہم اس فیصلے کو بدلنے کا اختیار نہیں رکھتے ، 7مارچ کو پنجاب کی جنرل کونسل کا اجلاس طلب کیا ہے ، 3 مارچ کو سندھ کی جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا،ماہ رمضان کے بعد مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس ہوگا،مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں فیصلوں کی توثیق لی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں