بے قصور افراد کیخلاف مقدمات ایک ہفتے میں ختم کریں:علی امین گنڈا پور

بے قصور افراد کیخلاف مقدمات ایک ہفتے میں ختم  کریں:علی امین گنڈا پور

پشاور(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ملک اور ادارے ہمارے ہیں ہم انتقام نہیں لینا چاہتے ،وعدہ کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔

 میرا لیڈر صحیح کہتا تھا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں، حقیقی آزادی ہماری ضرورت ہے ، ہمارا مطالبہ ہے فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے ، ہمارے لیڈر کو جلد رہا کیا جائے ،جو ظلم ہوا اس کا ازالہ کریں اور اپنی اصلاح کریں،ایک ہفتے میں جھوٹے مقدمات ختم نہ کیے تو سزا کیلئے تیار ہوجائیں۔مجھ پر 9 مئی کی 9 ایف آئی آرز کاٹی گئیں، اگر میں نے کچھ غلط کیا ہے توآئیں مجھے گرفتار کرلیں ،میرے کارکنوں خواتین اور لیڈر پر غلط ایف آئی آرز ختم کریں، چیف جسٹس سے مطالبہ ہے 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنائیں، ایف آئی آر درج کرنے والے اصلاح کریں یا سزا کیلئے تیار رہیں۔دریں اثنا خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ تحلیل کردی گئی ،گورنر غلام علی نے نگران وزیر اعلیٰ کی ایڈوائس پر سمری پر دستخط کئے ،گورنر نے آرٹیکل 130 کی شق 5 کے تحت نو منتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی حلف برداری کی سمری پر بھی دستخط کر دئیے ہیں،حلف برداری کی تقریب آج بروز ہفتہ سہ پہر 3 بجے گورنر ہاؤس پشاور میں ہوگی ،گورنر حاجی غلام علی نومنتخب وزیر اعلیٰ علی امین خان گنڈاپور سے ان کے عہدے کا حلف لیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں