قومی اسمبلی نامکمل ، پی ٹی آئی آج ملک بھر میں احتجاج کریگی

 قومی اسمبلی نامکمل ، پی ٹی آئی آج ملک بھر میں احتجاج کریگی

لاہور ،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کے بغیر قومی اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب پر ردعمل میں کہاہے کہ نامکمل ایوان میں حلف اٹھانے والے جعلی اراکین کے ووٹ سے سپیکر کا چناؤ کر کے ایک بار پھر آئین کو پامال کیا گیا۔

خواتین اور اقلیتوں کو مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے قبل سپیکر، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کا انتخاب غیر آئینی ہے ، عوام بانی پی ٹی آئی کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے آج ہفتہ کے روز ملک بھر میں پرامن احتجاج کریں گے ،ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ 23 ارکان کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مخصوص نشستوں کے آئینی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے ، پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کے ساتھ ہماری ایوان میں تعداد 225 بنتی ہے ، یہ لوگ مینڈیٹ چور ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی رہنماؤں نے سپیکر کے انتخاب کے دوران احتجاج کیا، ہمارے احتجاج کے باوجود سپیکر نے الیکشن کروا دیا۔ ہم سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات کو چیلنج کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں