کئی شہروں میں بارش،لیسکو کے 100 فیڈرز ٹرپ ،بجلی بند

 کئی شہروں میں بارش،لیسکو کے 100 فیڈرز ٹرپ ،بجلی بند

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ،مانیٹرنگ ڈیسک ) کئی شہروں میں موسلادھار بارش ہوئی، لیسکو ریجن میں 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے لاہور کے متعدد علاقوں گھنٹوں بجلی بند رہی ،آئندہ چوبیس گھنٹوں میں بھی بارش کاامکان ہے۔

دوسری طرف خرابی موسم کے باعث پی آئی اے کی 12پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں گلبرگ،کلمہ چوک،قذافی سٹیڈیم،اچھرہ ،مزنگ،اسلام پورہ ،ماڈل ٹاؤن میں گزشتہ روز تیز بارش ہوئی، اس دوران لیسکو ریجن میں بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثرہوا ،فیڈرز ٹرپ ہونے اور دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث گلشن راوی، سمن آباد، راج گڑھ سمیت متعدد علاقے گھنٹوں بجلی سے محروم رہے ۔علاوہ ازیں جھنگ، شیخوپورہ ، قصور ،میانوالی ، حافظ آباد ، چنیوٹ اور دیگر شہروں میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ۔ادھر کمالیہ کے محلہ فاضل دیوان میں بارش سے مکان کی چھت گرنے پر 50 سالہ اکرم ، اس کی 45 سالہ اہلیہ کوثر پروین،15 سالہ بیٹا بلال ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ گوادر میں تین دنوں میں 245ملی میٹر بارش نے 14سالہ ریکارڈ توڑ دیا جبکہ بلوچستان کے کئی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔مزید برآں سیاحوں کی بڑی تعداد برفباری دیکھنے گلیات اور سوات پہنچ گئی اورکئی گاڑیاں برفباری میں پھنس گئیں ،دوسری طرف ترجمان پی آئی اے کے مطابق خراب موسم کی وجہ سے کراچی سے گوادر کے مابین پی آئی اے کی2 پرواز یں،کراچی سے سکھر کی 2 پروازیں ،اسلام آباد گلگت کی 4 ، سکردو کی 2 جبکہ سکھر کی 2پروازیں منسوخ کردی گئیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں