ہم انصاف کیلئے بیٹھے ہیں حکومت کے غلط کام کی حفاظت کے لیے نہیں:چیف جسٹس

ہم انصاف کیلئے بیٹھے ہیں حکومت کے غلط کام کی حفاظت کے لیے نہیں:چیف جسٹس

اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ہم انصاف کے لئے بیٹھے ہیں، حکومت کے غلط کام کی حفاظت کے لئے نہیں بیٹھے ، خیبر پختونخوا میں پٹواری کی 14اسامیوں کے لئے لوگوں نے بڑی سرمایہ کاری کی ہوگی۔

 چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے خیبرپختونخوا میں 14پٹواریوں کی اسامیوں پر تعیناتیوں کے معاملہ پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اوردیگر کی خورشید احمد کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے پی مجاہد علی خان خٹک نے بتایا کہ اپلائی کے وقت خورشیداحمد کی عمر42دن زیادہ تھی،چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ جن لوگوں نے اپلائی کیا ان کی میرٹ لسٹ دکھائیں،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے 14افراد پر مشتمل لسٹ دکھائی،چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ اپلائی کرنے والے تمام افراد کی لسٹ فراہم کریں ،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے ایک ماہ کا وقت مانگا، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم انصاف کے لئے بیٹھے ہیں، حکومت کے غلط کام کی حفاظت کے لئے نہیں،ہوسکتا ہے ساری تعیناتیاں اُڑ جائیں،محکمے نے 14لوگوں کی لسٹ بنائی ہے ، ہزاروں لوگوں نے اپلائی کیا ہوگا، ہوسکتا ہے ، ہم سب کو ختم کریں گے ، جب سرکاری وکیل لسٹ فراہم کرنے کے لئے مہینے کا وقت مانگ رہے ہیں توہمیں شک ہونے لگتا ہے ، اگر میرٹ لسٹ موجود ہے تودومنٹ میں لادو۔عدالت نے مزید سماعت5مارچ تک ملتوی کردی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں