شانگلہ خودکش حملہ:چینی تحقیقاتی ٹیم کی پاکستان آمد،وزیرداخلہ کی بریفنگ،نئی سکیورٹی ملنے تک 2ڈیموں پر کام بند

شانگلہ خودکش حملہ:چینی تحقیقاتی ٹیم کی پاکستان آمد،وزیرداخلہ کی بریفنگ،نئی سکیورٹی ملنے تک 2ڈیموں پر کام بند

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)شانگلہ خودکش حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت کے معاملے پر چینی تحقیقاتی ٹیم پاکستان پہنچ گئی، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی ٹیم کو اب تک ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے بریفنگ دی ،ادھر دو چینی کمپنیوں نے نئی سکیورٹی ملنے تک 2 ڈیموں پر کام بند کردیا۔

جن ڈیموں پر کام روکا گیا ہے ان میں داسو اور دیامیر بھاشا ڈیم شامل ہیں۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ لی جیان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ 28مارچ کو چینی انٹر ایجنسی ورکنگ گروپ پاکستان بھیجا جس نے فوری طور پر پاکستان میں سفارتخانے اور متعلقہ کمپنی کے ساتھ ایمرجنسی ریسپانس پر کام شروع کردیا،ورکنگ گروپ کے سربراہ بائی تیان نے پاکستانی وزیر خارجہ، سیکرٹری خارجہ اور وزیر داخلہ سے ملاقات کی اور پاکستانی فریق سے بشام حملے کی فوری اور مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا،انہوں نے کہاکہ پاکستان ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے سکیورٹی بڑھائے اور سکیورٹی رسک کو مکمل ختم کرے ،پاکستان چینی اہلکاروں، اداروں اور منصوبوں کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے ۔ادھر پاکستانی اہلکارکے مطابق 750 چینی انجینئر داسو ڈیم پراجیکٹ سے منسلک ہیں جبکہ 500 دیامیر بھاشا ڈیم پر کام کر رہے ہیں۔ چینی انجینئروں کی نقل و حرکت ان کمپاؤنڈز تک محدود کر دی گئی ہے جہاں وہ رہتے ہیں، متعلقہ سائٹس کے قریب ہی۔ادھر چین کے سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاک چین تعاون کو سبوتاژ کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ چینی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی سماجی ،اقتصادی ترقی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے ، پاکستان کیساتھ کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں لوگوں کی زندگیاں بہتر بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے ، دونوں ممالک کے عوام کو مزید فوائد پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیاجہاں انہوں نے شانگلہ حملے کی تحقیقات کیلئے چین سے آئی خصوصی انویسٹی گیشن ٹیم سے ملاقات کی ،وزیر داخلہ نے چینی ٹیم کو شانگلہ حملے کے بارے اب تک ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے بریفنگ دی ۔ملاقات میں چینی شہریوں کے تحفظ اور مجموعی سکیورٹی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرداخلہ نے چین کے سفیر سے بھی ملاقات کی اور حملے سے متعلق ہونے والی اپ ڈیٹ سے آگاہ کیا ، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شانگلہ حملے کے اصل ملزموں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ۔دریں اثنا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ قوم کو یقین دلاتے ہیں کہ امن کے لئے آخری حد تک جائیں گے ،دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو وطن عزیز میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ،وہ پشاور ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں اعلٰی سطح اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ، ایف سی ہیڈکوارٹرز پہنچنے پرکمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے وزیرداخلہ کا خیر مقدم کیا ،وزیرداخلہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی ۔وزیرداخلہ نے ایف سی کے شہدا کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی کے بہادر جوانوں نے قیام امن کیلئے کلیدی کردار ادا کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ دشمن امن کو سبوتاژ کرنے کی سازش کر رہا ہے ، اتحاد کی قوت سے اس سازش کو ناکام بنائیں گے ، انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے پاکستان میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں، وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈ کوارٹر کے لان میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگایا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں