بجلی چوری کیخلاف ضلعی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ ،مریم نواز نے منظوری دیدی

بجلی چوری کیخلاف ضلعی ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ ،مریم نواز نے منظوری دیدی

لاہور،اسلام آباد(اے پی پی،نامہ نگار) پنجاب میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے ڈسٹرکٹ لیول ٹاسک فورس قائم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اصولی منظوری دے دی۔

ٹاسک فورس میں پولیس،مجسٹریٹ، انٹیلی جنس، ریکوری،ڈی سیآفس،پراسیکیوشن اور محکمہ قانون کے نمائندے شامل ہوں گے جبکہ 600 سے زائد سپیشل پولیس فورسز کی ٹیمیں بھی انسداد بجلی چوری مہم میں شامل ہوں گی۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں بجلی چوری کی روک تھام کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ لاہور سمیت تمام اضلاع میں بجلی چوری کی مفصل رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں بجلی چوری کے مقدمات میں مضبوط اور موثر پراسیکیویشن کی ہدایت کی گئی، بجلی چوری روکنے اور ریکوری کے لئے قوانین میں ترمیم کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نیا دور، صاف ستھرا لاہور پروگرام کے تحت لاہور کی تعمیر وترقی کے پلان کی ہنگامی بنیادپر تکمیل کے لئے تین ماہ کی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیر اعلیٰ ہر10 دن کے بعدپلان پر عملدرآمد کا خود جائزہ لیں گی ۔ مریم نواز نے گلیاں پکی بنانے اور ٹف ٹائل لگانے کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دیدی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہر گلی محلے کو صاف دیکھنا چاہتی ہوں،صفائی کی مہم میں عوام بھی حکومت کا ساتھ دیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز سے مختلف اضلاع کے ا رکان صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ مریم نواز نے ارکان اسمبلی کی تجاویز اورسفارشات نوٹ کیں اور قابل عمل تجاویز پرعملدر آمد کے لئے موقع پر احکامات جاری کیے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا میں سب کی وزیر اعلیٰ ہوں، مل کر چلیں گے ۔ انہوں نے بتایا پنجاب بھر میں 600روڈ کی تعمیر ومرمت،5ایکسپریس وے اور3موٹر ویز بنائیں گے ۔ صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اورہوم ڈلیوری جلد شروع کردی جائے گی۔دیہات اوردوردراز علاقوں میں علاج کیلئے موبائل ہسپتال اورکلینک آن ویل پراجیکٹ جلد شروع ہوگا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بہاولنگر میں یونیورسٹی طالبہ کے اغوا اور اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ویڈیو لنک پر بات چیت ہوئی جس میں بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں