مریم نواز کی سپیشل بچوں،خواتین اور بزرگوں کیساتھ عید ،تحائف پیش، مٹھائی کھلائی

مریم نواز کی سپیشل بچوں،خواتین اور بزرگوں کیساتھ عید ،تحائف پیش، مٹھائی کھلائی

لاہور (اے پی پی)وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز نے عید بے سہارا، بے گھر اور بے نوا،سپیشل بچوں، خواتین اور بزرگوں کے ساتھ منائی۔وزیراعلیٰ نے عید کے روز سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں چمن،عافیتاور دارالفلاح کا دورہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کے لئے اقدامات کا حکم دیا، سب کو تحائف پیش کئے اور بچوں کو کھلونے مٹھائیاں دیں۔ مریم نواز نے سپیشل بچوں کے ساتھ مل کر عید کیک بھی کاٹااورخود انہیں اپنے ہاتھ سے کھلایا۔وزیراعلیٰ سب سے پہلے بے سہارا بچوں کے لئے قائم مرکز چمن پہنچیں ان کو دیکھ کر ننھے بچے کھل اٹھے ۔وزیراعلیٰ بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اور گپ شپ لگائی۔وزیراعلیٰ نے بچوں سے ان کی تعلیم اور مشاغل کے بارے میں دریافت کیا۔ مریم نواز نے اولڈ ایج ہوم عافیت میں مقیم39بزرگ مرد وخواتین کی خیریت دریافت کی۔ مریض خاتون کو ساتھ بٹھا لیا اور چوڑیاں بھی پہنائیں۔وزیراعلیٰ کے عیدمبارک کہنے پر بزرگ آبدیدہ ہو گئے ۔انہوں نے قائد محمد نواز شریف کی طرف سے بزرگوں کوسلام پیش کیا۔ایک بزرگ نے کہا عید پر میرے اپنے تو نہ آئے ،مریم بیٹی آ گئی،میں بہت خوش ہوں۔بزرگ خاتون نے کہا بیٹیاں ملتی ہیں تو ٹھنڈ پڑ جاتی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا میرا وقت آپ کے لئے ہی ہے ، دعا کیجیے گا کہ عوام کی خدمت کرسکوں۔ انہوں نے کہا مجھے میر ے والدین کی دعائیں لگی ہیں،ماں باپ کی قدر نہ کرنے والے خسارے میں جاتے ہیں۔

مریم نواز والدہ مرحومہ کا ذکر کرتے ہوئے اداس ہو گئیں۔وزیراعلٰی نے بے سہارا بیوہ خواتین کے لئے قائمدارالفلاحکا بھی دورہ کیا۔ دارالفلاح میں مقیم 8بیوہ خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقاتیں کیں۔وزیراعلیٰ نے بعض یتیم اور کمسن بچوں کو پیار کیا اور گلے لگا لیا۔وزیراعلیٰ نے کھلونے ،مٹھائی اور دیگر تحائف پیش کئے ۔بچوں اور ان کی ماؤں نے دعائیں دیتے ہوئے کہا آپ ہی تو ہماری اپنی ہیں،اللہ آپ کو سلامت رکھے ۔سینیٹر پرویز رشید،وزیراطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ،معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،کمشنرمحمد علی رندھاوا،ڈپٹی کمشنررافعہ حیدر، سیکرٹری اطلاعات دانیال سلیم گیلانی، ڈی جی پی آرروبینہ افضل اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر میں ہزاروں قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقاتیں ہوئیں۔ قیدیوں کے اہل خانہ اپنے پیاروں سے ملاقات کے دوران مٹھائی اور کھانا بھی لائے ۔وزیر اعلیٰ کی ہدایت پرعید پر قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات اجازت دی گئی تھی۔قیدیوں کے اہل خانہ نے کہاملاقات کی اجازت دینے پروزیر اعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں