پاکستان ،مہنگائی 15فیصد پر آجائیگی: ایشیائی ترقیاتی بینک

پاکستان ،مہنگائی 15فیصد پر آجائیگی: ایشیائی ترقیاتی بینک

اسلام آباد (اے پی پی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ ایشین ڈیویلپمنٹ آئوٹ لک رپورٹ 2024 جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی آئندہ مالی سال کی شرح نمو 2.8 فیصد ہونے کا اندازہ ہے۔

 ملک میں مہنگائی میں آئندہ مالی سال کمی آنے کی امید ہے ، مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک آجائے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ایشیائی ممالک میں مقامی طلب و ترقی، برآمدات اور سیاحت بڑھنے سے خطے کی شرح نمو 4.9 فیصد رہنے کا اندازہ ہے ، خطے میں مہنگائی کی لہر میں کمی آئے گی۔ اے ڈی بی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اصلاحات پر عملدرآمد کیا گیا تو معاشی بحالی کا عمل اس سال سے شروع ہو جائے گا۔ پاکستان کی شرح نمو رواں مالی سال 1.9 فیصد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سیاسی عدم استحکام کو معاشی بحالی اور اصلاحات کیلئے اہم چیلنج قرار دیا گیا ہے ۔ اے ڈی بی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو خواتین کی مالیاتی شمولیت کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے ، رواں مالی سال زرعی پیداوار اور صنعتی شعبے میں بہتری آنے کی امید ہے ۔ رپورٹ کے مطابق تعمیراتی شعبے میں لاگت بڑھنے اور ٹیکس میں اضافے سے ترقی متاثر ہوئی ہے ۔ آئندہ سال غذائی اشیا کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔ بہتر موسمی حالات،سبسڈی والے قرضوں اور زرعی ان پٹس کے لئے سرکاری پیکیج کی وجہ سے پیداوار کم رفتار سے بڑھے گی جس سے زیر کاشت رقبے میں اضافہ اور بہتر پیداوار میں مدد ملے گی۔

ہدف مالی سال 2024 میں جی ڈی پی کے 0.4 فیصد کے بنیادی سرپلس اور جی ڈی پی کے 7.5 فیصد کے مجموعی خسارے کو حاصل کرنا ہے ، جو آئندہ سالوں میں دونوں شعبوں میں بتدریج کمی واقع ہوگی۔ درآمدی پابندیوں میں نرمی اور معاشی بحالی سے کرنٹ اکائونٹ خسارے میں اضافے کی توقع ہے ۔ کرنٹ اکائونٹ خسارہ مالی سال 2024 کے پہلے 7 ماہ میں کم ہو کر 1.1 ارب ڈالر رہ گیا ہے جو مالی سال 2023 کے اسی عرصے میں 3.8 ارب ڈالر تھا۔پالیسی سازوں کو تجارت، سرحد پار سرمایہ کاری اور اجناس کی فراہمی کے نیٹ ورکس بڑھانے کے ساتھ شرائط میں نرمی کے لئے کوششوں تیز کرنا چاہئے ۔علاوہ ازیں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کو حکومت کی درست اقتصادی پالیسیوں کی توثیق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو رہی ہے ، اس کی تصدیق عالمی مالیاتی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، ہمارے معاشی اقدامات سے روپے کی قدر مستحکم ہوئی ہے ۔ حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کی سفارشات پر عمل کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ ہم ایک ایسی معیشت بنانے کے لئے کام جاری رکھیں گے جس میں تمام پاکستانیوں کے لئے مواقع دستیاب ہوں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں