ہوم ورک کرکے روٹی سستی کی ،عمل کرنا ہوگا:عظمیٰ بخاری

 ہوم ورک کرکے روٹی سستی کی ،عمل کرنا ہوگا:عظمیٰ بخاری

لاہور (سیاسی رپورٹرسے ،اے پی پی )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا ہے ن لیگ اور خدمت کا پرانا ساتھ ہے ،ایٹمی دھماکے ، سی پیک ہو یا لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے اقدامات ہوں، ن لیگ نے ہی کئے ۔

 ہوم ورک کرکے روٹی سستی کی ،حکم پر عمل کرنا ہوگا۔ پیر کو ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا وزیراعظم شہبازشریف کو بہترین ایڈمنسٹریٹر مانا جاتا ہے ، وزیراعلیٰ مریم نواز کو ڈیڑھ ماہ ہوا وزارت اعلیٰ سنبھالے ہوئے ،انہوں نے کہا تھوڑے سے وقت میں بہت کام کررہے ہیں، وہ اپنے بڑوں کو پیچھے چھوڑ جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے روٹی کی قیمت میں چار روپے اور نان کی قیمت میں دس روپے کمی کر دی ،دو ہزار چار سے ایئر ایمبولینس کے حوالے سے باتیں چل رہی ہیں لیکن مریم نواز ڈیڑھ ماہ میں یہ لے آئیں، ریسکیو اہلکار ایئر ایمبولینس کی ٹریننگ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا چھوٹا جہاز کہیں بھی اتر جائے گا، اسے بڑا رن وے نہیں چاہئے ، ایک ہوائی جہاز اور دو ہیلی کاپٹر بھی ریسکیو کا حصہ ہیں،ایئر ایمبولینس کی تمام تر سہولت عام آدمی کیلئے مفت ہوگی، اس پر کسی کا کوئی پیسہ نہیں خرچ ہوگا ، تین مختلف جگہوں پر ایئر ایمبولینس کو کھڑا کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا 35 روپے آٹا نوازشریف کے دور میں تھا ،سستی روٹی وزیراعظم محمد شہبازشریف کا منصوبہ تھا ،اب 20 کلو آٹے کے تھیلے میں پانچ سو روپے کی کمی ہوگی تو روٹی یا نان والے کو بھی فائدہ پہنچنا چاہئے ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا روٹی چار روپے سستی کرنے پر تحقیق ہوئی ہے ، انتظامیہ حرکت میں ہے جو حکم ہوا اسے لاگو کرنا پڑے گا ، پورے ہوم ورک سے قیمت کم کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا امید ہے بہت جلد کے پی کے لوگ گریبان پکڑ کر پوچھیں گے نہ پل دئیے نہ بہتر صحت سہولیات دے سکے ، یہاں روٹی سستی کیوں نہیں کرتے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جہاں بھی ایئر ایمبولینس کی ضرورت پڑی تو پنجاب بڑے بھائی کا حق ادا کرے گا۔انہوں نے کہا گندم کی سپورٹ پرائس پر کسان کارڈ سے سالانہ تین لاکھ روپے ملیں گے جس سے وہ ادویات کھاد و بیج خریدے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا صاحب حیثیت لوگوں کو صحت کارڈ نہیں ملنا چاہئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں