حکومت جیب تراش، بجلی کا یونٹ 100 روپے تک لے جائیگی: تحریک انصاف

حکومت جیب تراش، بجلی کا یونٹ 100 روپے تک لے جائیگی: تحریک انصاف

اسلام آباد، پشاور(خصوصی نیوز رپورٹر، دنیا نیوز)تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب کہا کہ ضمنی الیکشن سے قبل ہی پری پول دھاندلی کا بازارگرم ہے، فارم 47 کی بیساکھیوں پر آنے والی حکومت نے بجلی، پٹرول بم گرانا شروع کر دیئے ہیں، حکومت جیب تراش ہے، یہ بجلی کے فی یونٹ کو 100 روپے تک پہنچائیں گے، چند ہفتوں بعد مزید پٹرول بم گرانے والے ہیں۔

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رئوف حسن کے ہمراہ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمرایوب کا کہنا تھا آئی جی کرپٹ آدمی ہے جو اپنے اہلکاروں کا تحفظ نہیں کرسکا، پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے ۔انہوں نے شہبازشریف اور ان کی کابینہ کو جیب تراش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اپنی جیبوں کا خیال رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے روزگاری عروج پر ہے ، مریم نواز کی پنجاب حکومت کو کچھ نہیں پتا، پنجاب میں کسی جگہ پر16 روپے کی روٹی اور20 کا نان نہیں مل رہا، یہ روٹی اور نان کی قیمت کے حوالے سے جھوٹ بول رہے ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ سعودی وفد کو سرمایہ کاری کے لئے خوش آمدید کہتے ہیں، بہاولنگر واقعہ میں پولیس اور فوج آپس میں گتھم گتھا ہوئی، جج کی سربراہی میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہئے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ خواجہ آصف کا بیان سنا ہے ، خواجہ آصف نے کہا پولیس والے بغیر وارنٹ اندر گئے ، خواجہ آصف سے پوچھتا ہوں کیا پولیس والے پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں میں وارنٹ یا گلدستے لیکر جاتے تھے ، انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی یونٹی کی علامت ہے ، خدارا دیوارسے نہ لگائیں۔ادھر تحریک انصاف نے ملک بھر میں جلسوں کے منصوبے کو حتمی شکل دے دی۔پنجاب کے جلسوں کی ذمہ داری حماد اظہر کو سونپی گئی ہے ، کے پی سے علی امین گنڈاپور تحریک کی سربراہی کریں گے، سندھ سے حلیم عادل شیخ جلسوں کی قیادت کریں گے ۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے بانی پی ٹی آئی کی ڈیل کی صورت میں رہائی کی تردیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ رہائی کسی ڈیل کی صورت میں نہیں ہورہی،بانی پی ٹی آئی اپریل میں ہی رہا ہونگے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان اور شیر افضل مروت سمیت دیگر رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے مجھے اور عمر ایوب کو ذمہ داری سونپی ہے پنجاب میں پارٹی کو متحرک کریں، میری ڈیوٹی لگائی گئی ہے وہ کے پی میں جلسے کریں۔شیر افضل مروت نے کہا کہ ہماری ویڈیو ریکارڈ کرنے کیلئے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ملاقات میں شیشہ اور بلب لگایا گیا، جیل میں ہماری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ریکارڈ کی جارہی ہے، بانی پی ٹی آئی کو واضح کردیا ہے میرا کسی سے کوئی گلہ شکوہ نہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں