مہنگی روٹی ، 96افرادگرفتار،نانبائیوں کاشٹرڈاؤن کا اعلان

مہنگی روٹی ، 96افرادگرفتار،نانبائیوں کاشٹرڈاؤن کا اعلان

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے ،سیاسی رپورٹر سے ،نیوزایجنسیاں)لاہور میں سستی روٹی کی فراہمی کا مشن کامیاب بنانے کیلئے حکومت اورانتظامیہ متحرک ہوگئی۔

صوبائی وزیر خوراک چھاپے مارنے لگے ،انہوں نے 14افراد کو گرفتار کرکے 2پوائنٹس سیل کردئیے جبکہ ضلع  انتظامیہ نے مختلف کارروائیوں کے دوران 79افراد کو گرفتار کیا اور لاکھوں روپے کے جرمانے کئے ، اوکاڑہ میں بھی 3افراد کو حراست میں لیاگیا ،متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے حکومت کو 5دن کا الٹی میٹم دیتے ہوئے شٹرڈاؤن کرنے کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے گزشتہ روز لاہور میں وحدت روڈ پرمہنگی روٹی بیچنے والے 2پوائنٹس کو سیل کروادیا،انہوں نے مسلم ٹاؤن اور شادمان میں بھی چھاپے مارے اور14افرادکو حراست میں لے لیاگیا۔لاہو رانتظامیہ نے مختلف کارروائیوں کے دوران 3ہزار 496مقامات کی چیکنگ کرتے ہوئے 79مقدمات درج کر کے نان بائیوں کو گرفتار کیااور 592روٹی و نان پوائنٹس کو جرمانے کردئیے گئے ۔ اوکاڑہ میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے کارروائیوں کے دوران 11مقامات پر 20ہزار500روپے جرمانہ کرکے 5افراد کیخلاف مقدمات درج کروائے جبکہ 3کو گرفتار کرلیاگیا۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ تندور مالکان پرجبر فوری بند کروایا جائے ، 16روپے فی روٹی کے لئے 20 کلو آٹے کا تھیلا 1600 روپے میں دیا جائے اور20روپے کا نان فروخت کرنے کیلئے 7ہزار 500میں فائن آٹا کی بوری فراہم کی جائے ۔حکومت کو چار سے پانچ روز دیتے ہیں،مطالبات نہ مانے گئے تو تندور مالکان مکمل شٹر ڈاؤن کر دیں گے ۔وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ خوشی کی بات ہے کہ مریم نواز کے اچھے کاموں کو علی امین گنڈا پور کی سرکار فالو کر رہی ہے ،ہم خوش ہیں کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کو بھی سستی روٹی ملے گی،میں نے کچھ دن پہلے بھی کہا تھا علی امین گنڈاپور کو خدمت کی سیاست مریم نواز سے سیکھنی چا ہئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں