سفارشیں ،28ہسپتالوں میں جونیئرزکو ایم ایس تعینات کرنیکا پلان

سفارشیں ،28ہسپتالوں میں جونیئرزکو ایم ایس تعینات کرنیکا پلان

لاہور(سجاد کاظمی سے )لاہور سمیت پنجاب کے 28ہسپتالوں میں ایم ایس لگانے کے معاملہ پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے سمری ایوان وزیر اعلیٰ پہنچا دی۔

ذرائع کے مطابق محکمہ صحت کے اشتہار میں میڈیکل ایڈمنسٹریشن کی ڈگری رکھنے والوں سے درخواستیں مانگی گئی تھیں مگر اعلیٰ سطح کی سفارشوں پر 20سکیل کے ایم ایس کی سیٹ پر 19سکیل کے ڈاکٹرز کو تعینات کرنے کا پلان تشکیل دیا گیا اور جنرل کیڈرز ڈاکٹرز کی سیٹ پر ٹیچنگ کیڈر کو ایم ایس لگائے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 19سکیل کے نئے پروموٹ ہونے والے ڈاکٹر شعیب اسلم کا نام سامنے آرہا ہے اور سروسز ہسپتال میں ایم ایس کی سیٹ پر نشتر میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر مدبر ریحان کو لگایا جارہا ہے ۔جنرل ہسپتال میں بھی ایک ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پینز) میں نئے 19سکیل میں حالیہ ترقی پانے والے ڈاکٹر عمر اسحاق کو تعینات کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ جنرل کیڈر کی سیٹ پر ٹیچنگ کیڈر لگانے اور 20کی سیٹ پر 19سکیل کے ڈاکٹرز تعینات کرنے کی اطلاعات پر جنرل کیڈر کے ڈاکٹرز میں تشویش پائی جارہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے اگلے روز ہی تمام ایم ایس صاحبان کی ایک تربیتی نشست کا بھی اہتمام کیا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے سمری میں جانے والوں ناموں میں سے بھی سی ایم ہاؤس میں تبدیلیاں کی جارہی ہیں اس لئے رات گئے تک سمری پر فائنل اتھارٹی دستخط نہیں کرسکی اور آج رات یا کل تک نوٹیفکیشن لیٹ ہونے کا امکان پایا جارہا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ سمری میں شامل ناموں کی تبدیلی کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا ہے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں