ہسپتالوں میں انجیو گرافی کی سہولیات ٹھیکے پر دینے کی منظوری

ہسپتالوں میں انجیو گرافی کی سہولیات ٹھیکے پر دینے کی منظوری

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب نے ٹیچنگ ہسپتالوں میں انجیو گرافی کی سہولیات ٹھیکے پر دینے کی منظوری دیدی۔

 نجی کمپنی 13ٹیچنگ ہسپتالوں میں انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کی خدمات فراہم کریگی۔نجی کمپنی ان ہسپتالوں میں اپنی مشینیں نصب کریگی اور مرمت کی مد میں چارجز وصول کریگی ۔ نجی کمپنی ایک انجیوگرافی کا 11ہزار750 اور انجیو پلاسٹی کے لیے 15ہزار750 روپے وصول کرے گی۔حکومت  انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کے حوالے سے استعمال ہونے والا سامان کمپنی کو خود فراہم کرے گی۔ذرائع کے مطابق پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 3 ،میو ہسپتال میں 2، سر گنگارام ہسپتال ، خواجہ صفدر میڈٰکل کالج و ہسپتال سیالکوٹ،چودھری پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،ساہیوال ہسپتال میں 1،1 مشین نصب کی جائے گی۔علاوہ ازیں فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں 2،بہاولپور ہسپتال ، نشتر ہسپتال ملتان ، راو لپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ایک، ایک مشین لگائی جائیگی۔ گوجرانوالہ ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں ایک، ایک مشین نجی کمپنی لگانے کی ذمہ دار ہوگی، نجی کمپنی ان ہسپتالوں میں ماہانہ 4800 انجیو گرافی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کرے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں