جیت عوام کے اعتماد کا مظہر:وزیر اعظم:ضمنی انتخابات کے نام پر تماشا لگا،الیکشن کمیشن ناکام:تحریک انصاف

جیت عوام کے اعتماد کا مظہر:وزیر اعظم:ضمنی انتخابات کے نام پر تماشا لگا،الیکشن کمیشن ناکام:تحریک انصاف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وزیراعظم شہبازشریف نے ضمنی انتخابات میں نومنتخب ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن)کے ارکان کی جیت عوام کے اعتماد کا مظہر ہے ۔

ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دینے والے عوام کا تہہ دِل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔پوری دیانتداری اور محنت سے ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے ۔معاشی بہتری کے واضح ہوتے آثار کے ساتھ عوامی رائے میں تبدیلی بھی نمایاں ہورہی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی کامیابی معیشت کی بحالی، مہنگائی میں کمی اور خارجہ تعلقات کی بہتری کی حکومتی خدمت کا عوامی اعتراف ہے ۔ معاشی بہتری اور عوامی ریلیف میں اضافے کے ساتھ آنے والے وقت میں عوامی رائے مزید تبدیل ہوگی۔عالمی مالیاتی اداروں، خبررساں اداروں اور سرویز میں معاشی بہتری کی پیش گوئیوں نے بھی عوام کی رائے پر مثبت اثر ڈالا ہے ۔ 8 فروری کے بعد اپوزیشن کے غیرسیاسی رویوں نے بھی اُن کے حامیوں اور عوام کو بددِل اورمایوس کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہار جیت انتخابی عمل کا حصہ ہے ، الزامات کے بجائے سیاسی تعاون کی راہ اپنانا ہی جمہوری رویہ ہے ۔ انتخابی عمل میں خامیوں اور اعتراضات کو باہمی تعاون اور سیاسی بات چیت سے ہی دور کیاجاسکتا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوگیاکہ عوام نے ن لیگ پراعتمادکیاہے ،ملک کاکھویاہوامقام دلوائیں گے ، جوووٹ ڈالنے نکلے انہیں سلام پیش کرتاہوں ،سچ کاساتھ دیا، جھوٹ کابیانیہ دفن ہوچکاہے ، پی ٹی آئی ووٹرزضمنی انتخابات میں نہیں نکلے ، جیل سے جھوٹے بیانات جاری کئے جاتے ہیں، عوام نے پی ٹی آئی کے بیانیے کومستردکردیا۔ جیل میں بیٹھ کراداروں اورملک کے خلاف سازشیں کی جاتی ہیں، پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ساکھ متاثرکرنے کی کوشش کی جاتی ہے ، دوست ممالک کے خلاف بیانات،ریاست مخالف بیانیہ بنایاجاتاہے ، جھوٹ،نفرت اورتقسیم کی سیاست کوعوام نے رد کردیا، پنجاب میں مریم نوازنے بہترین کام کیا، عوام کے اعتمادپرپورااتریں گے ۔

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے نام پر صرف تماشا لگایا گیا، الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں فیل ہو چکا ہے ۔ حلقہ پی پی 32 کے کھٹالہ پولنگ سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی جلد دیکھ رہا ہوں، 5 دنوں میں 3 سزائیں دلوانے والوں نے ایک جج سے اس کے بیٹے کا ولیمہ ملتوی کروایا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ووٹ اور پبلک کی سپورٹ سے ہی ایوان بننا چاہئے نہ کہ دھاندلی سے ، پی پی 32 میں جوہوا اپنی آنکھوں سے دیکھاان نتائج کو تسلیم کرنے والی بات تو ہے ہی نہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ نارووال میں ورکر کی ہلاکت پر دکھ ہوا، سب کو پرامن رہنا چاہئے ، سیاسی جماعتوں کے ورکرز کو ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا چاہئے ، عوام کو بانی پی ٹی آئی سے دور رکھنے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی نے ریٹرننگ افسروں سے پہلے ہی خالی فارم 45 پر دستخط لیے جانے کا الزام عائد کردیا۔

اپنے ایک بیان میں تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن کا کہنا ہے کہ آر اوز سے خالی فارم 45 پر پہلے ہی دستخط لے لیے گئے ہیں، جنہوں نے دستخط نہیں کیے انہیں مارا پیٹا گیا، ضمنی الیکشن کے اعلان کے بعد چھاپے مارے گئے اور ہمارے ورکرز کی فیملیز کے ساتھ بد سلوکی کی گئی جتنا بھی زور لگالیں ہار ان کا مقدر ہے ۔سینئر رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں عام انتخاب جیسا ٹرن آوٹ نہیں ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دھاندلی کی ضرورت نہیں ہے ۔مولانا فضل الرحمان بتائیں کہ ہم نے کہاں دھندلی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس کے ساتھ عوام ہوتی ہے اسے دھندلی کی ضرورت نہیں ۔میں اپنے حلقے میں مہم نہیں چلا سکا ۔جس کے زہن میں فسطائیت ہوتی ہے وہ جمہور کے فیصلے پر عمل کرنے کو تیار نہیں ۔چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو گجرات میں پولیس نے روک لیا۔ پی ٹی آئی سے جاری بیان کے مطابق ریٹرننگ آفیسر سے ملاقات کرنا چاہتے تھے پولیس والوں نے ملنے نہیں دیا، بیرسٹر گوہر علی خان نے بتایا کہ میڈیا کو بھی ریڑننگ آفیسر کے دفتر میں جانے کی اجازت نہیں دی گئی ، سارا دن میڈیا نے دیکھایا کہ کس طرح سے دھاندلی کے ریکارڈ توڑے گئے ۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پولیس والے کہہ رہے ہیں کہ اوپر سے اجازت ملے گی تو آپکو جانے دینگے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں