پاک ایران گیس منصوبے کیلئے راستے نکل آئینگے :خواجہ آصف

پاک ایران گیس منصوبے کیلئے راستے نکل آئینگے :خواجہ آصف

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ہمسایہ ممالک سے خوشگوار تعلقات رکھنا چاہتا ہے ، کیا ہمیں اس کی سزا دی جائے گی؟پاک ایران گیس منصوبے کیلئے راستے نکل آئیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان طالبان کی کامیابی پر اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کی کامیابی سے متعلق بیان پر آج بھی قائم ہوں۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان نے جدوجہد سے استعماری طاقت کو شکست دی، استعماری قوت خطے پر اپنا تسلط جمائے بیٹھی تھی، افغان طالبان نے جدید اسلحہ کے بغیر سامراجی قوت کو شکست دی جس کی تعریف بنتی تھی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارا اور ان کا تعلق ہم نے اپنے سیاق و سباق میں دیکھنا ہے ، افغان طالبان کی جدوجہد کی کامیابی کی تعریف فرض بنتا تھا، پاکستان کے افغانستان کے ساتھ تعلقات اس وقت مثالی نہیں ہیں، دونوں ممالک کو تعلقات پر محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔وزیر دفاع نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کے بجائے اسرائیل پر پابندی لگانی چاہئے ، اسرائیل نے ہزاروں عورتوں اور بچوں کو شہید کیا، غزہ میں آج بھی قتل عام جاری ہے ۔ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا یہ حکومت ایک سال کے اندر پاکستان میں نمایاں تبدیلی لیکر آئے گی،پاک ایران گیس منصوبے کیلئے راستے نکل آئیں گے ،منصوبہ تکمیل کے مراحل عبور کر لے گا،ایران کے صدر کا یہ ایک کامیاب دورہ تھا۔

ہمارے خطے میں بے امنی ہے بڑی طاقتوں کی مداخلت بڑھ گئی ہے ، ہمیں اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر ضرور جمع ہونا چاہیے ، اس صورتحال میں ایران کے صدر کا دورہ پاکستان بہت بڑی پیش رفت تھی۔ ایرانی صدر کے دورے سے اگر کسی کو بھی درد تکلیف ہو تو اس کی کوئی اہمیت نہیں، پاکستانی عوام کے درد اور تکلیف کا مداوا ہونا چاہیے ۔انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں خواجہ آصف نے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرکے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی پر سمجھوتے کیلئے کوئی دبائو نہیں ڈالا جارہا، تحریک انصاف اس طرح کی باتیں صرف اپنی دکان داری چمکانے کیلئے کر رہی ہے تاکہ دکان بند نہ ہو،تحریک انصاف کے معتبر لوگوں نے بیانات دئیے کہ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی، نہ ہی کوئی رابطہ ہے ،پختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی قیاس آرائیوں کی مخالفت کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ گذشتہ ملاقات میں وہ خود بھی موجود تھے اور ‘یہ ملاقات بہت خوش گوار ماحول میں ہوئی،خیبر پختونخوا نے تعلقات خراب کرنے کا عندیہ دیا تو ہم سوچ لیں گے کہ ہمیں کیا کرنا ہے ، لیکن ہماری طرف سے پہل نہیں ہونی چاہیے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں