باردانہ ملا نہ گندم بکی ،خراب موسم کی پیشگوئی ،کسان پریشان

باردانہ ملا نہ گندم بکی ،خراب موسم کی پیشگوئی ،کسان پریشان

لاہور (عمران اکبر، نیوز ایجنسیاں )پنجاب میں تاحال حکومت گند م کی خریداری شروع نہ کرسکی جبکہ سرکاری باردانہ نہ ملنے پر کسانوں کی پریشانی میں اضافہ ہونے لگا ،جس سے بحران بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیاہے ۔

کسان بورڈ پاکستان نے آج پنجاب کے تمام ڈی سی آفسز کے  باہر احتجاج ،دھرنے دینے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کسان اتحاد نے 29اپریل کو لاہور میں احتجاج کرنے کی کال دے د ی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں حکومت کی جانب سے گندم کی خریداری شروع نہیں ہوسکی ، باردانہ ایپ بھی لاک ہوگئی جبکہ حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک خاموش ہیں ، اگلے 5 روز میں طوفانی بارشوں کے امکان کے پیش نظر کسانوں کی پریشانی بڑھ گئی ہے کہ وہ کاشت کی گئی فصل کو کہاں سنبھالیں گے ۔باردانہ ایپ پر یکم اپریل سے 17 اپریل تک درخواستیں وصول کی گئیں ،اس دوران 3لاکھ 94ہزار 239درخواستیں وصول ہوئیں اور اب ایپ لاک ہے ،وصول درخواستوں میں سے 2لاکھ 75ہزار مستردکردی گئیں جبکہ ایک لاکھ 19ہزار 237درخواستیں منظور ہوئیں ۔ترجمان محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ درخواستیں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور پی آئی ٹی بی نے مسترد کیں،دوسری طرف 7 روز گزرنے کے باوجود گندم خریداری کیلئے باردانہ ایشو حل نہیں کیاجاسکا۔ کسان بورڈ پاکستان کے نائب صدر چودھری ی نور الٰہی تتلہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری نرخوں پر گندم کی خریداری کو یقینی بنائے ، کسانوں کااستحصال بندنہ کیاگیاتوآئندہ برس گندم کاشت نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آج تمام ڈی سی آفسز کے باہر دھرنا دیاجائیگا اور اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے توپھر اس نہ ختم ہونے والے احتجاج کو ہر تحصیل سطح پر دھرنا کی صورت میں بدل دیا جائے گا۔ پاکستان کسان اتحاد نے گزشتہ روز خانیوال میں احتجاج کیا ،قائدین کا کہناتھاکہ کسانوں کے حقوق کیلئے 29اپریل کو لاہور میں احتجاج کرینگے اور دھرنا دینگے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں