9مئی :یاسمین راشد ودیگر 8 مئی کو فرد جرم کیلئے طلب

9مئی :یاسمین راشد ودیگر  8 مئی کو فرد جرم کیلئے طلب

لاہور(اپنے خبر نگار سے )انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی کو مسلم لیگ نون کا آفس جلانے کے دو مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد صنم جاوید ، محمود الرشید،اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کیخلاف ٹرائل کی کارروائی 8 مئی تک ملتوی کر دی ۔

یاسمین راشد، صنم جاوید اور اعجاز چودھری سمیت دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزموں کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ارشد جاوید نے سماعت کی ،انسداد دہشت گردی عدالت ، پی ٹی آئی رہنما شبیر گجر کیخلاف پولیس پارٹی پر حملہ اور فائرنگ کے مقدمہ میں پی ٹی آئی رہنما شبیر گجر کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا ۔عدالت نے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا ۔ شبیر گجر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر پیش کیا گیا ۔ملزم کے وکیل نے دلائل دئیے کہ شبیر گجر دو بار ایم پی اے منتخب ہوا پی ٹی آئی کی وجہ سے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ملزم کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے ۔انسداد دہشت گردی عدالت ، نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے چھ مقدمات میں عدالت نے اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانت 21 مئی تک منظور کر لی ۔عدالت نے چھ مقدمات میں پولیس کو اعظم خان سواتی کی گرفتاری سے روک دیا ۔عدالت نے اعظم خان سواتی کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا ۔انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی ۔اعظم خان سواتی پشاور ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت لے کر لاہور کی عدالت میں پیش ہوئے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں