قوم سے عہد ہے کبھی غلامی قبول نہیں کروں گا، بانی پی ٹی آئی

قوم سے عہد ہے کبھی غلامی قبول  نہیں کروں گا، بانی پی ٹی آئی

اسلام آباد،لاہور(خصوصی نیوز رپورٹر،سیاسی رپورٹر سے )بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے پی ٹی آئی کے 28ویں یوم تاسیس کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا گیا ۔

پی ٹی آئی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان میں بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اٹھائیسویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنوں کو مبارکباد پیش کرتا اور ربّ العزّت کا شکر ادا کرتا ہوں،پرامن سیاسی جدوجہد کے ان اٹھائیس برسوں کے دوران ربّ ذوالجلال کی مدد اور نصرت ہمارے شامل حال رہی اور ہمارا پیغام ملک کے کونے کونے تک پھیلا،تحریک انصاف کا اٹھائیس برسوں پر محیط یہ سیاسی سفر ان آزمائشوں اور امتحانوں کا خلاصہ ہے جس کی نظیر ملکی سیاست میں نایاب ہے ۔ انہوں نے کہا گزشتہ دو برسوں کے دوران تحریک انصاف کو مٹانے کی وحشیانہ کوشش کی، قوم کے ہر طبقے خصوصاً نوجوانوں اور خواتین نے اپنی ہمّت و استقامت سے ناکام بنایا،یومِ تاسیس کے موقع پر قوم سے اپنے عہد کا اعادہ کرتا ہوں کہ کبھی غلامی قبول کروں گا نہ اپنی قوم کو اللہ کے علاوہ کسی اور کے سامنے جھکنے دوں گا، ملک کو دستوری بے راہ روی اور لاقانونیت کے شکنجے سے آزاد کروانے کی جدوجہد کے فیصلہ کن مرحلے کیلئے کمربستہ ہوں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں