پنجاب کا بینہ:بھرتیوں پر پابندی اٹھانے کی منظوری:نمک کان کی غیر قانونی لیز معطل کی جائیں ،مریم نواز

پنجاب کا بینہ:بھرتیوں پر پابندی اٹھانے کی منظوری:نمک کان کی غیر قانونی لیز معطل کی جائیں ،مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجاب کابینہ نے راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کے خلاف نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے 23 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور خالی آسامیوں پر بھرتی پر پابندی اٹھانے کی منظوری دی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 7ویں اجلاس میں ر اک سالٹ لیزز سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ راک سالٹ پالیسی 2022 اور راک سالٹ پالیسی ترمیم شدہ2023 کی توثیق کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے کہا قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے ،فوری طور پر راک سالٹ کی غیرقانونی لیز معطل کی جائیں۔نمک کا ایک ذرہ بھی ضائع نہ ہو، 13 ارب ڈالر کے نمک کے معدنی اثاثے عوام کی امانت ہیں۔دنیا ہمارا نمک سستے داموں لے جا کر ویلیو ایڈیشن کے ساتھ مہنگے داموں فروخت کرتی تو ہم کیوں نہیں کر سکتے ؟۔ وزیر اعلیٰ نے کہا منصب کے تقدس کوبر قرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ ہم اپنے اختیارات کو آئینی حدود میں رہ کر استعمال کر رہے ہیں۔بلا وجہ معذرت خوانہ رویہ نہیں ہونا چاہیے ،اصول کی بات کرنے میں کوئی خوف نہیں۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا اہم تعیناتیوں کے لیے باہمی مشاورت ناگزیر ہے ، مخاصمت نہیں لیکن ہر معاملے میں مداخلت قابل قبول نہیں۔ بلال یاسین نے اہم تعیناتیوں کے لیے وزارتی کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی۔

کابینہ اجلاس میں پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے 23 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور خالی آسامیوں پر بھرتی پر پابندی اٹھانے کی منظوری دی گئی۔پنجاب گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹس کی سال2016سے 2022 کی سپیشل پراجیکٹ اورپرفارمنس آڈٹ رپورٹس پیش کی گئیں جبکہ حکومت پنجاب کی ایڈورٹائز منٹ پالیسی برائے سال 2024 کی منظوری بھی دی گئی۔ وزیر اطلاعات نے کہا پرنٹ، الیکٹرانک، کیبل اور ڈیجیٹل میڈیا پر ایڈورٹائزمنٹ وفاقی حکومت کے طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی ۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں غیر فعال اورخراب واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فنکشنل کرنے کاحکم دیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ہر علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے جامع پلان طلب کرلیا۔ مریم نواز کی زیر صدارت آب پاک اتھارٹی سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا، جس میں پنجاب بھر میں 5027 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی صورتحال پر رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس میں تمام فلٹر یشن پلانٹ کا انتظام ایک ہی اتھارٹی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کیاگیا۔ وزیر اعلیٰ نے کھارے پانی والے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر نئے فلٹر یشن لگانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ مریم نوازاور قائد ن لیگ نواز شریف نے میو ہسپتال چلڈرن ایمرجنسی بلاک کا دورہ کیا اورمختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں مریض بچوں کے والدین سے بات چیت بھی کی۔چائلڈ لا ئف فائونڈیشن کی ایڈمنسٹریٹر بشریٰ عباس نے مریض کے داخلے ،تشخیص اور علاج کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

میو ایمرجنسی وارڈ کے وزٹ کے فوراً بعد مریم نوازاور نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب بھر میں چائلڈ ایمرجنسی کی بہتری کے لئے اجلاس میں پنجاب کے ہسپتالوں میں او پی ڈی رات دس بجے تک کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا سرکاری دفاتر اور ہسپتالوں میں ورک ایتھکس کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔ہسپتالوں خاص طور پر ایمرجنسی میں مانیٹرنگ کی ضرورت ہے ۔ اس موقع پر نواز شریف نے کہا بہتر ین علاج ہر غریب آدمی کا حق ہے ۔ماضی میں نیشنلائزیشن نہ ہوتی تو آج ہر شعبے میں انڈیا سے آگے ہوتے ۔ دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز نے وزیر اعلیٰ آفس میں مدعو کرکے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کرنے والی قومی ٹیم کے لئے تین کروڑروپے انعام دے دیا۔وزیر اعلیٰ تقریب میں اپنی نشست کی بجائے کھلاڑیوں کے درمیان بیٹھ گئیں اورفرداً فرداً شاباش دی۔ وزیر اعلٰی نے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کی اوران کی کارکردگی اور جیت کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا ہاکی صرف قومی کھیل نہیں قومی فخر ہے ،13سال بعد کامیابی ملی۔وزیر اعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نہ صرف ہاکی ٹیم کو سپورٹ کریں گے بلکہ ٹیم کی اونر شپ بھی کریں گے ۔ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہر لیول پر سپورٹ کریں گے ۔وزیر کھیل فیصل کھوکھر کو کھیلوں کی بحالی کا ٹاسک سونپا ہے ، پنجاب کی ہر گلی محلے تک کھیلوں کو پہنچائیں گے ۔مریم نواز نے کہا نام نہاد سپورٹس مین کے دور میں سپورٹس کی سہولتوں کو بند کر دیا گیا۔ ہر ادارے کو تباہ حال کر دیا گیا ۔قومی ہاکی ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں نے عزم کا اظہار کیا اور کہا یقین دلاتے ہیں چیمپئن بن کر لوٹیں گے ۔ عمران خان کے دور میں سپورٹس کو بہت نقصان پہنچایا گیا۔وزیر اعلیٰ سے سپورٹس ڈیپارٹمنٹ بحال کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے منیجر ذیشان اشرف اور دیگر آفیشل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں