ڈار کو نائب وزیر اعظم بنانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

ڈار کو نائب وزیر اعظم بنانے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

لاہور ( کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا،وکیل وفاقی حکومت نے موقف اپنایا کہ یہ کوئی تعیناتی نہیں، صرف نامزدگی ہے ،آئین میں وزیر قانون اور دیگر وزرا کی تعیناتی بھی نہیں ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا نائب وزیراعظم کو کوئی تنخواہ مل رہی ہے ؟وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ انہیں وزیر خارجہ کی ہی تنخواہ مل رہی ہے ،پہلے جب نائب وزیراعظم نامزد کئے گئے تھے تو اس وقت کوئی تنخواہ نہیں مل رہی تھی،درخواست گزار اشبا کامران کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہم مغلیہ سلطنت میں نہیں رہتے ، 24کروڑ عوام سے زیادتی ہو رہی ہے ،کل کو کہیں گے ابا جی کو بٹھا دیں،عدالت ملک کی کسٹوڈین ہے ،عدالت نے استفسار کیا کہ کس طرح آئین کی خلاف ورزی کی گئی ؟درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عدالت ذمہ داران کیخلاف بغاوت کی کارروائی کا حکم دے ، اگر میں نے غلط پٹیشن کی تو میرے خلاف بغاوت کی کارروائی کی جائے ،آئین میں نائب وزیراعظم کے عہدے کی کوئی گنجائش نہیں ،عدالت اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تقرری کا اقدام کالعدم قرار دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں