پنجاب :ہتک عزت بل کی اسمبلی سے منظوری اتوار تک موخر

پنجاب :ہتک عزت بل کی اسمبلی سے منظوری اتوار تک موخر

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجا ب اسمبلی میں ہتک عزت بل کی منظور ی اتوارتک موخر ہوگئی ،اپوزیشن نے بل پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا جس پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہاکہ ہتک عزت کی آڑ میں آزادی صحافت کو قربان نہیں ہونے دیں گے ، اپوزیشن کواختیار ہے اس بل کی مخالفت کر سکتی ہے ،ہتک عزت بل پر پیر کے روز ووٹنگ ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر رانا آفتاب نے ہتک عزت قانون 2024 پر اعتراض اٹھایا اورکہاکہ ہتک عزت آرڈیننس 2002 کی موجودگی میں اس قانون کی ضرورت نہیں تھی ،صحافی ایک خبر دے گا توہتک عزت قانون سے اس کو بھی مسائل پیدا ہوں گے ،اس بل کو دوبارہ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے اور اس پرسول سوسائٹی اور سٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لیاجائے ۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہاکہ اپوزیشن اس قانون پر اپنی ترامیم جمع کروادے میں یقین دہانی کرواتا ہوں کہ آزادی صحافت کو قربان نہیں ہونے دیں گے ،بل پرووٹنگ پیر کو ہوگئی۔لاہور جم خانہ کلب سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں جم خانہ کلبوں کے لئے سرکاری زمینیں سستی لیز پر دینے کا معاملہ بھی ایوان میں زیربحث آیا، جم خانہ کلب کو 417روپے ماہانہ لیز پر جگہ دینے کے انکشاف پر ارکان پنجاب اسمبلی حیران رہ گئے ،ارکان کے سوال پر سپیکرنے کہاکہ میں اس معاملے پر کچھ بھی بولنے سے قاصر ہوں ،انہوں نے حیرانگی سے کہا کہ کیا واقعی 417روپے لیز پر زمین دی گئی ۔وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ جناب سپیکر یہ میرے لئے بھی حیرانگی کی بات ہے ،میں ڈیپارٹمنٹ سے اس کا جواب طلب کرتا ہوں،مجھے نہیں پتہ یہ کس ڈیپارٹمنٹ کی زمین ہے ۔بعدازاں سپیکر پنجاب اسمبلی کاکہناتھاکہ کچے کے علاقے میں متعدد ارکان اسمبلی نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے جس پر مجتبیٰ شجاع الرحمن کاکہناتھاکہ وزیر اعلیٰ نے کچے میں آپریشن کیلئے باقاعدہ طور پر پولیس کو مزید فنڈز اور اسلحہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ صوبائی وزیر پارلیمانی امور نے مختلف صوبائی محکموں کی پانچ آڈٹ رپورٹس ایوان میں پیش کردیں۔ اجلاس کاایجنڈا مکمل ہونے پراجلاس آج دوبجے دوپہر تک ملتوی کردیاگیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں