ملک کی نصف سے زائد آبادی بجلی بل نہیں دیتی :احسن اقبال

 ملک کی نصف سے زائد آبادی بجلی بل نہیں دیتی :احسن اقبال

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں ،خصوصی نامہ نگار ) وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان کی آدھی سے زیادہ آبادی بجلی کا بل ادا نہیں کرتی، بڑے بڑے کاروباری ادارے اورتاجر ٹیکس اداکرنا جرم سمجھتے ہیں۔

 سوچنا پڑے گا کہ اگلے تین سال میں 77 ارب ڈالر تک کا قرض ہم نے اپنے زور بازو سے ادا کرنا ہے یا آئی ایم ایف اور دیگر اداروں  سے مزید مدد مانگنی ہے ۔احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دولت سے مالا مال ہے ،امن کے بغیر کسی ملک میں  ترقی نہیں ہو سکتی ،سیاسی استحکام کے بغیر کوئی پالیسی کامیاب نہیں ہوتی ، انہوں نے کہاکہ کسی جمہوری حکومت کو کم از10سال مسلسل مل جائیں تو پالیسیاں کامیاب ہو جاتی ہیں ، ہمیں ایک قوم بن کر کام کرنا ہوگا،ہمیں اپنی اقصادی ترقی کے سفرمیں ہمیں ہمسا یہ ممالک کو پیچھے چھوڑنا ہے ۔سی ایف او تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم انتخابی مہم میں پاکستان کو جگتیں مار رہا ہے ۔ ملک میں امن، استحکام اور اصلاحات کی اشد ضرورت ہے ، ہم ڈیری پیداوار کے ذریعے ہی دنیا میں ایک نئی شناخت بنا سکتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت صوبوں کا حصہ نکال کر کر وفاقی آمدن 7 ہزار ارب ہے ، وفاق کو قرضوں کی ادائیگی کی مد میں 8 ہزار ارب درکار ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سپورٹس ویژن کے تحت 17 مئی 2024 کو ایک قومی سپورٹس کانفرنس کا انعقاد کرنے جا رہی ہے اس بات کا فیصلہ بین الصوبائی رابطہ کے وزیر احسن اقبال اور وفاقی سیکرٹری، ندیم ارشاد کیانی کے مابین ایک اہم ملاقات میں کیا گیا ۔ کانفرنس کا بنیادی مقصد ملک میں سپورٹس کی زبوں حالی کے اسباب ان کا سدباب اور کھیلوں کی بحالی کے لئے سفارشات تیار کرنا ہے ۔ کانفرنس میں پورے ملک سے پروفیشنلز، ٹیکنیکل ایکسپرٹس، ایتھلیٹس، صوبائی سپورٹس بورڈز کے نمائندے ، سپورٹس فیڈریشن کے صدور اور دیگر سٹیک ہولڈرز شرکت کر رہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں