بہتر حالات کیلئے بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنا ہونگے : پرویز الٰہی

بہتر حالات کیلئے بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرنا ہونگے : پرویز الٰہی

لاہور ( کورٹ رپورٹر، نیوز ایجنسیاں )پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ اور پی ٹی آئی کے صدرپرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیاسی اور معاشی حالات بانی پی ٹی آئی سے مذاکرات کی صورت ہی میں درست ہوسکتے ہیں۔

احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں تو استحکام پیدا ہوگا۔ عام انتخابات کے بعد ضمنی انتخاب میں بھی عوام نے ن لیگ کو مسترد کردیا۔ فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں۔ایک سوال پر پرویز الٰہی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے بیٹھنے نہیں دے رہا۔ نااہل حکمران کب تک تحریک انصاف کے رہنماؤں کو جیل میں رکھیں گے ؟ وہ سب ان شاء اللہ بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے ۔پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے ہر مسئلے کا حل تلاش کیا جاسکتا ہے ۔ ن لیگ سنجیدہ مذاکرات کے لیے تیار ہی نہیں۔ ن لیگ کے اندر اس وقت دو بیانیے چل رہے ہیں۔ ایک بیانیہ مذاکرات کے حق میں ہے اور دوسرا حکمراں طبقے کا جو مذاکرات سے فرار چاہتا ہے ۔سپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے سابق وزیر اعلی ٰ پنجاب پرویز الٰہی اورسابق وفاقی وزیر مونس الٰہی کے خلاف ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا،عدالت نے پرویز الٰہی کے چیک اپ کے لیے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل پرویز الٰہی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کریں،پرویز الٰہی کا مکمل چیک اپ کیا جائے ،میڈیکل بورڈ 21 مئی سے پہلے پرویز الٰہی کی رپورٹ جاری کرے ،پرویز الٰہی کو آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کیا جائے ،ایف آئی اے کے مطابق مونس الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے پاس زیر التوا ہے ،ایف آئی اے ملزم مونس الٰہی کی گرفتاری کے لیے دوبارہ انٹرپول سے رابطہ کرے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں