ایرانی صدر ، وزیر خارجہ جاں بحق: ہیلی کاپٹر کا ملبہ، جسد خاکی مل گئے آج نماز جنازہ، ملک میں پانچ روزہ سوگ، عبوری صدر اور وزیر خارجہ کا تقرر

ایرانی صدر ، وزیر خارجہ جاں بحق: ہیلی کاپٹر کا ملبہ، جسد خاکی مل گئے آج نماز جنازہ، ملک میں پانچ روزہ سوگ، عبوری صدر اور وزیر خارجہ کا تقرر

تہران،اسلام آباد(دنیا نیوز، نامہ نگار، سٹاف رپورٹر، اپنے رپورٹر سے، مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے، ہیلی کاپٹر کا ملبہ، جسد خاکی مل گئے، ملک میں پانچ روزہ سوگ، نماز جنازہ آج ادا کی جائے گی، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد ابراہیم رئیسی کی میت کو تہران لے جایا جائے گا، صدر رئیسی کو شمال مشرقی ایران میں ان کے آبائی شہر مشہد میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ محمد مخبر کو ملک کا عبوری صدر جبکہ علی باقری کنی کو قائم مقام وزیرِ خارجہ مقرر کر دیا گیا ہے۔

 ایرانی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 9 افراد حادثے میں جاں بحق ہوگئے، دیگر افراد میں مشرقی آذربائیجان کے گورنر مالک رحمتی، تبریز کے امام سید محمد علی آل ہاشم، صدر کے سکیورٹی یونٹ کے کمانڈر سردار سید مہدی موسوی،باڈی گارڈ اور عملے کے افراد پائلٹ کرنل سید طاہر مصطفوی، پائلٹ کرنل محسن دریانوش اور میجر بہروز شامل ہیں۔صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ گزشتہ صبح مل جانے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد ایرانی صدر اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بچ جانے کی امیدیں دم توڑ گئی تھیں،ریسکیو آپریشن 15گھنٹے جاری رہا۔ واضح رہے کہ ایرانی صدر کا ہیلی کاپٹر ورزقان شہر کے قریب خراب موسم کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق حادثے کی وجہ بارش اور شدید دھند کو قرار دیا گیا ہے، ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ پہاڑی سے ملا، یہ حادثہ شمال مغربی ایران کے گاؤں ازی کے جنوب مغرب میں دو کلومیٹر کے فاصلے پر پہاڑی علاقے میں پیش آیا۔جاری کی گئی تصویر میں ہیلی کاپٹر کو پہاڑ کی مشرقی ڈھلوان پر 2200 میٹر کی بلندی پر دیکھا جاسکتا ہے ۔پرواز کے آدھے گھنٹے بعد صدارتی ہیلی کاپٹر کا دیگر دو ہیلی کاپٹرز سے رابطہ منقطع ہوا۔حادثے کے شکار ہیلی کاپٹر کی کھوج کیلئے وسیع پیمانے پر ایک ریسکیو آپریشن کیا گیا جو کہ خراب موسمی حالات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، آپریشن میں 6 صوبوں تہران، البورض، اردبیل، مشرقی آذربائیجان اور مغربی آذربائیجان سے امدادی ٹیموں ، ایرانی فوجی دستوں اور ترکیہ کے ریسکیو اہلکاروں نے حصہ لیا۔

رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے 5روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا یہ افسوس ناک واقعہ خدمات سر انجام دیے جانے کے دوران ہوا،اس نیک اور بے لوث شخص نے پوری زندگی عوام، ملک اور اسلام کی خدمت میں گزاری۔انہوں نے رہبر اعلیٰ نے حسین امیر عبداللہیان کومجاہد اور متحرک وزیر خارجہ قرار دیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ابراہیم رئیسی کی نماز جنازہ آج 21 مئی کو مقامی وقت کے مطابق ساڑھے نو بجے تبریز میں ہوگی۔آیت اللہ علی خامنہ ای نے نائب صدر محمد مخبر کو دو ماہ کیلئے ملک کا عبوری صدر مقرر کیا ہے ، عبوری صدر زیادہ سے زیادہ 50 دنوں کے اندر نئے صدر کے انتخاب کا انتظام کرنے کے پابند ہوں گے ۔بعدازاں صدارتی الیکشن کے لیے 28جون کی تاریخ مقررکر دی گئی ۔ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر پاکستان کا قومی پرچم بھی سرنگوں کردیا گیا، کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ آج 21 مئی کو حکومت پاکستان اظہار یکجہتی کے طور پر یوم سوگ منائے گی ۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلم امہ کیلئے سابق صدر ابراہیم رئیسی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا صدر ابراہیم رئیسی امت مسلمہ کے اتحاد کے بڑے حامی تھے ، عالم اسلام ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا ہے ،ایرانی صدر فلسطینی اور کشمیری عوام سمیت عالمی سطح پر مسلمانوں کے درد کو دل سے محسوس کرتے تھے ،آج پاکستان ایک عظیم دوست کو کھو دینے پر سوگوار ہے ،پچھلے ماہ ہمیں پاکستان میں ان کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری گفتگو کے دوران، میں نے انہیں دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم پایا،صدر رئیسی ہمیشہ پاکستان اور یہاں کے عوام کو خاص مقام دیتے تھے ،ان کا انتقال نہ صرف ایران بلکہ پوری امت مسلمہ کیلئے ایک بڑا نقصان ہے ، صدر رئیسی کو علاقائی اور اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات بڑھانے کی کوششوں پر ایران، پاکستان اور عالم اسلام میں یاد رکھا جائے گا۔

اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے ، ناقابل تلافی نقصان کی اس گھڑی میں ان کے اہل خانہ اور ایران کے عوام کو صبر و استقامت عطا فرمائے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے احترام میں پرچم سرنگوں رکھا جائے گا،صدر رئیسی پاکستان کے بہت اچھے دوست تھے ، اس دکھ کی گھڑی میں برادر ملک ایران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے آج ملک بھر میں ایرانی صدر و وزیر خارجہ کی وفات پر یوم سوگ منایا جائے گا،پاکستان کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی شہادت سے تقریباً ایک ماہ قبل ان کی میزبانی کرنے کا تاریخی موقع حاصل ہوا۔ شہباز شریف ایرانی سفارت خانے بھی گئے ،ایرانی سفیر سے اظہار تعزیت کیا اور وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات درج کئے، انہوں نے کہا پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا،ان کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی و فروغ کے ویژن کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بھی ایرانی قوم سے اظہار افسوس کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت ایران کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے ، ایران کے عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان اور ایران کے تعلقات کے لئے ابراہیم رئیسی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی سپیکر میر غلام مصطفیٰ شاہ، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، قائد ایوان سینیٹر اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز، پی پی رہنما سید خورشید شاہ نے بھی اپنے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا صدر رئیسی اور دیگر کی رحلت پر ہم ایرانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں