شہروں کی صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار نظام لارہے ہیں: مریم نواز

شہروں کی صفائی ستھرائی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار نظام لارہے ہیں: مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹر سے،اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے عوام کی زندگیوں میں آ سانی پیدا کرنا عزم ہے، شہروں کی صفائی ستھرائی اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پائیدار نظام لارہے ہیں۔ وزیراعلیٰ لاہور کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو کر رہی تھیں۔

ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ایم پی اے میاں مرغوب شامل تھے۔ اس موقع پر لاہور کی ڈویلپمنٹ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کی عمومی صورتحال کا جائزہ اور ملکر چلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے پنجاب میں عوام کی ترقی کے لئے وزیر اعلیٰ کے اقدامات کو سراہا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے عوامی مسائل کے حل کے لئے اقدامات کی یقین دہانی کرائی اور کہا لاہور سمیت ہر شہر کی کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا وزیر اعلیٰ کا عوامی مسائل کے حل کے لئے ویژن اور رفتار قابل تحسین ہے ۔نواز شریف آئی ٹی سٹی کا قیام گیم چینجر ثابت ہوسکتا ہے ۔ میاں مرغوب احمد نے کہا لاہور کی کچی آبادیوں اور مضافاتی بستیوں کی قسمت بدل رہی ہے۔ سینیٹرپرویز رشید اور صوبائی معاون خصوصی ذیشان ملک بھی موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی ہیڈ کوارٹرزکادورہ کیا۔وزیر اعلیٰ کو ایجنسی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ڈی جی ڈاکٹر محمد امجد نے افعال کار سے آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ نے فرانزک ٹریننگ لیب کو یونیورسٹیوں سے منسلک کرنے کا حکم دیا اور کہا نجی اور سرکاری یونیورسٹیوں میں فرانزک سائنس کے زیر تعلیم طلبہ کی ٹریننگ اور انٹرن شپ کرائی جائے گی۔انہوں نے فرانزک ٹریننگ لیب کی جلد تکمیل اور بہترین آلات فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ۔مریم نواز نے ڈی جی خان میں ایویڈنس سنٹر فعال کرنے کی ہدایت کی۔ہر ڈیپارٹمنٹ کی لیب کو پی اے ایف ڈی اے کے تحت سنٹر لائز کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ نے آٹو میٹڈ فنگر پرنٹ سسٹم ، اسلحہ اور ایمونیشن کی شناخت کے آٹو میٹڈ بیلسٹک سسٹم کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلیٰ کو پولی گراف ایگزامینیشن کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ کو ڈی این اے سیرالوجی میں کروموسوم کی نشاندہی کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں