24 مئی تک ججوں کی تعیناتی ورنہ وزیراعلیٰ پیش ہوں: لاہور ہائیکورٹ

24  مئی تک ججوں کی تعیناتی ورنہ وزیراعلیٰ پیش ہوں: لاہور ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی جانب سے راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی، شیخ رشید سمیت اہم شخصیات کیخلاف 9 مئی کے مقدمات انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر ون سے دوسری عدالت میں ٹرانسفر کرنے کے لیے حکومتی درخواست پر سماعت کی اس دوران لاہور ہائیکورٹ نے ججز کی تعیناتی کے لئے پنجاب حکومت کو 24 مئی تک آخری مہلت دیدی۔

 چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد شان نے ریمارکس دئیے کہ اگر آئندہ سماعت پر ججز تعینات نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ پنجاب خود عدالت میں پیش ہوں ۔چیف جسٹس نے اے ٹی سی عدالت راولپنڈی سے کیس منتقلی سے متعلق پنجاب حکومت کی درخواست پر کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالتی حکم پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق، پراسیکیوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ اور ہائیکورٹ کے رجسٹرار سمیت دیگر افسران پیش ہوئے، ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق نے بتایا کہ وزیرا علیٰ نے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں ججز تعیناتی کے معاملے کو ایجنڈا نمبر ون میں رکھنے کا کہا ہے ،جس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کابینہ کا آئندہ اجلاس کب ہے ؟ آپ کو کابینہ کی سپیشل میٹنگ بلا لینی چاہیے تھی اور آپ کو یہ کام کرکے آنا چاہیے تھا ،جس پر ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ جمعہ کے روز ہم کابینہ کا اجلاس بلا کر اس معاملے کو حل کرلیتے ہیں ،جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ آج حکومتی کمیٹی کے لوگ بھی نہیں یہ آپ عدالتوں کی عزت کرتے ہیں ، ایڈووکیٹ جنرل نے کہاکہ ایسی کوئی بات نہیں آپ حکم کریں گے تو آدھے گھنٹے میں کمیٹی کے ممبران پیش ہو جائیں گے ۔ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ججز کی تعیناتی کے لئے ہائیکورٹ کی طرف سے دئیے گئے ناموں پر حکومت کو کوئی اعتراض نہیں ۔جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ ججز کی تعیناتی بارے کوئی نوٹیفکیشن آج عدالت میں پیش نہیں کیا گیا ،تاہم عدالت نے حکومت کو ججز کی تعیناتی کے لئے آخری موقع دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کابینہ کو آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ اگر آئندہ سماعت تک ججز کی تعیناتی کے نوٹیفکیشن جاری نہ ہوئے تو وزیراعلیٰ خود عدالت میں پیش ہوں۔ عدالت نے کارروائی 24 مئی تک ملتوی کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں