جعلی بھرتیاں کیس :پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

 جعلی بھرتیاں کیس :پرویز الٰہی کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ

لاہور(اپنے خبر نگار سے، کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی کی پنجاب اسمبلی میں مبینہ جعلی بھرتیوں کے مقدمے میں ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی۔ اینٹی کرپشن کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیئے کہ پرویز الٰہی پر مقدمہ قانون کے مطابق درج کیا گیا۔ پرویز الٰہی کو 25 اکتوبر 2023 کو گرفتار کیاگیا۔ پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی  بھرتیاں کیں جس کے تمام ثبوت موجود ہیں لہذا پرویز الٰہی کی ضمانت خارج کی جائے ۔پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ دو سال کی تاخیر سے درج کیا۔ کسی امیدوار سے بھرتی کی رقم پرویز الٰہی نے وصول نہیں کی۔ بھرتی سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اینٹی کرپشن نے پرویز الٰہی کے گھر سے جعلی ریکوری ڈالی۔ ادھر انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سابق وزیر اعلی ٰ پرویز الٰہی کی جناح ہاؤس حملہ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔عدالت نے درخواست ضمانت قبل ازوقت ہونے کی وجہ سے نمٹا دی ۔سرکاری وکیل نے موقف اختیار کیا کہ درخواست ضمانت میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے ۔پرویز الٰہی کو مقدمہ میں گرفتار ہی نہیں کیا گیا یہ درخواست کیسے دائر ہو سکتی ہے ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے درخواست پر سماعت کی ۔ملزم کے وکیل نے درخواست دائر کی اور موقف اپنایا کہ خدشہ ہے پرویز الٰہی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں