آئندہ سال معاشی ترقی کا تخمینہ3.7فیصد :میکرو اکنامک فریم ورک آئی ایم ایف سے شیئر

آئندہ سال معاشی ترقی کا  تخمینہ3.7فیصد :میکرو اکنامک  فریم ورک آئی ایم ایف سے شیئر

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)آئی ایم ایف سے شیئرکئے گئے میکرو اکنامک فریم ورک کے مطابق وزارت خزانہ نے اگلے سال شرح نمو کا ہدف 3.7 فیصد تجویز کر دیا جبکہ اسکے برعکس آئی ایم ایف کا اگلے مالی سال جی ڈی پی گروتھ 3.5 فیصد تک محدود رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔

 عالمی مالیاتی ادارے اور پاکستان کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے مہنگائی کا تخمینہ 12.7 فیصد جبکہ وزارت خزانہ نے 11.8 فیصد لگایا ہے ، میکرو اکنامک فریم ورک میں آئندہ مالی سال زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف 3.5 فیصد، خدمات کا 3.8 فیصد اور صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4 فیصد تجویز کیا گیا، اسی طرح قرضوں پر سود کی مد میں 9700 ارب سے زائد خرچ ہونے کا امکان ہے ۔ آئی ایم ایف نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا تخمینہ 4.6 ارب ڈالرلگایا ہے جبکہ وزارت خزانہ نے ہدف 4.2 ارب ڈالر تجویزکیا۔ برآمدات اور ترسیلات زرسے 62 ارب ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ ملنے کا امکان ہے ۔ اگلے مالی سال ملک کی برآمدات کا ہدف 32.7 ارب ڈالررکھنے کی تجویز ہے ، وزارت خزانہ نے درآمدات کا تخمینہ 58 ارب ڈالر جبکہ آئی ایم ایف نے 61 ارب ڈالر کا لگایا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے شیئر کئے گئے میکرو اکنامک فریم ورک کے تحت حکومت نے آئندہ مالی سال ترسیلات زرکا ہدف 30.6 ارب ڈالر اور مالی خسارے کا تخمینہ 9600 ارب روپے لگایا گیا ہے ۔ وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے ایک ہزار ارب روپے مختص کرنے اور ٹیکس ہدف ساڑھے 12 ہزار ارب رکھنے کی تجویز دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں