پنجاب میں آج سے روٹی مزید سستی:عوام کی خدمت کرناپسند:مریم نواز

پنجاب میں آج سے روٹی مزید سستی:عوام کی خدمت کرناپسند:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے صوبے میں روٹی مزید سستی کرنے کا اعلان کردیا ،آج سے 100گرام کی روٹی 12سے 14روپے میں دستیاب ہوگی ،وزیراعلیٰ نے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کیلئے ماہ جون کی ڈیڈلائن مقررکردی ۔

جبکہ انہوں نے طلبہ کیلئے سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری بھی دے دی ۔ ان کاکہناہے کہ عوام کی فلاح وبہبود میری ترجیح ہے ، وزیر اعلیٰ بننا آسان نہیں بلکہ چکی پیسنے کی مشقت کے مترادف ہے ، اقتدار سنبھالنے پر محسوس ہوا ہم عوام کی ضروریات کے بنیادی امور میں بھی بہت پیچھے ہیں،معاشرے کے محروم طبقات کا برے حالات سے گزرنا میرے لئے بہت تکلیف دہ ہے ،عوام کی خدمت کرنا پسند ہے ، ہرشام خوشی سے سرشار گھر جاتی ہوں۔تفصیلات کے مطابقملک میں آٹے کی قیمت میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کیلئے پنجاب حکومت نے روٹی کی قیمت میں مزید کمی کرتے ہوئے سادہ روٹی کی قیمت 14 روپے مقرر کردی۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایکس پر بیان میں روٹی کی قیمت میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی ساتھ منسلک کیا۔مریم نواز نے بتایا کہ مختلف شہروں میں روٹی کی قیمت 12 سے 14 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ لاہور میں سادہ روٹی کی قیمت 14 روپے ہوگی ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہوگا۔وزیراعلیٰ اپنے پیغام میں لکھاکہ روٹی کی قیمت میں مزید کمی کردی گئی ہے ، افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کے غلط فیصلوں کی وجہ سے غریب کی پہنچ سے روٹی دور ہوگئی تھی۔قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکم دیاکہ ایئرایمبولینس سروس ماہ جون میں شروع کردی جائے ، دوردراز علاقوں میں ہنگامی صورتحال میں مریض شفٹ کرنے کے لئے ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی،جس میں پنجاب میں ڈویلپمنٹ اورعوام کی فلاح و بہبود کے لئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔مریم نوازکا وفدسے گفتگو میں کہناتھاکہ ہیلتھ، ایجوکیشن،انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر کام تیزی سے جاری ہے ،نر خوں میں استحکام اور مہنگائی پر کنٹرول کے لئے کام کررہے ہیں ۔شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ترقی کی بلندیوں پر لے گئے مگر گزشتہ دور ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے قابل بیان نہیں،سابق دور میں فری میڈیسن پروگرام ظالمانہ طور پر بند کیا گیا ۔ ریونیور جنریشن پر پوری توجہ ہے ، ٹیکس نہیں ٹیکس نیٹ ورک کوبڑھائیں گے ، 13کروڑ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت بڑا بجٹ چاہئے ۔لوکاسٹ ہاؤسنگ سکیم کے تحت عام آدمی کو اپنی چھت میسر ہوگی۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی نمائندہ برائے جاپان کیکوتاکاہاشی نے کہا کہ پنجاب کو ترقی کے سفر میں بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی نمائندہ برائے امریکہ کی موشومی معروفی خان نے کہا کہ پنجاب کو دیکھنے کا اشتیاق تھا، سکیورٹی اور دیگر انتظامات دیکھ کو خوشی ہوئی،مریم نواز کو وزیر اعلیٰ دیکھ کر پنجاب میں حقیقی تبدیلی کا خوشگوارا حساس ہوا،عورت کی حیثیت سے مریم نوازشریف عوام کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھ اور حل کرسکتی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں