اسلام آباد:پی ٹی آئی کا سیکرٹریٹ سیل ،تجاوزات ختم کردی گئیں:سی ڈی اے

اسلام آباد:پی ٹی آئی کا سیکرٹریٹ سیل ،تجاوزات ختم کردی گئیں:سی ڈی اے

اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)سی ڈی اے نے اسلام آباد میں قائم تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کر کے غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کردیا جبکہ پی ٹی آئی رہنما عامر مغل کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

 رات گئے سی ڈی اے کی ٹیم نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ آپریشن کیا،سیکرٹریٹ کے اطراف لگی گرل گرا دی ۔ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کاکہنا ہے ان کو ایک نہیں چار نوٹس جاری کیے گئے ۔سی ڈی اے حکام کے مطابق مذکورہ پلاٹ سرتاج علی نامی شخص کو الاٹ ہے ، ملحقہ اراضی پر قبضہ کر کے بڑے پیمانے پر تجاوزات قائم کی گئیں۔ پلاٹ پر بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اضافی منزل بھی تعمیر کی گئی تھی، سیکٹر جی 8/4 میں قائم سیاسی جماعت کی جانب سے پلاٹ پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات قائم کی گئیں، مالک کی طرف سے متعدد دیگر خلاف ورزیاں بھی کی گئی ہیں۔ مالک کو متعدد بار خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ نوٹسز بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔اس ضمن میں ایک نو ٹس 19نومبر 2020 کو جاری کیا گیا۔ایک اور نوٹس 22فروری 2021 کو جاری کیا گیا ۔ خلاف ورزیاں ختم کرنے کے لیے ایک اور نوٹس 14 جون 2022 کو جاری کیا گیا۔ 4 ستمبر 2023کو خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا۔ احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے اور خلاف ورزیاں ختم نہ کرنے 10 مئی 2024 کو اس پلاٹ کو سر بمہر کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ۔ بلڈنگ قوانین پر عملدرآمد کرنے آپریشن کر کے تجاوزات ختم کر دی گئیں۔سی ڈی اے ترجمان کے مطابق تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خاتمے کے لئے مہم بلا تفریق شہر بھر میں جاری رہے گی۔

زمین کے غیر مجاز استعمال پرسی ڈی اے نے تحریک انصاف کے دفتر کو سیل کرنے کا حکم نامہ چسپاں کردیا گیا ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور عمرایوب بھی رات گئے مرکزی سیکرٹریٹ پہنچ گئے ۔ بیرسٹر گوہر نے موجود کارکنان کو پُرامن رہنے کی ہدایت کی اورمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہامرکزی دفترسیل کرنے اور دفتر گرانے کے خلاف آج عدالت جائیں گے ،پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عامر مغل میرے ساتھ کھڑے تھے جنہیں پولیس نے اچانک گرفتار کر کے سفید رنگ کی گاڑی میں بٹھایا اور نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔سی ڈی اے کا آپریشن رات کی تاریکی میں کیوں ہوا؟ جس طرح غزہ میں آپریشن ہورہا ہے اُسی طرح پی ٹی آئی کے خلاف آج آپریشن کیا گیا اور رات کی تاریکی میں اسرائیلی فورسز نے جیسے غزہ فتح کیا اُسی طرح سی ڈی اے نے سیکرٹریٹ کو سیل اور منہدم کر کے علاقے کو فتح کرلیا۔اگر اعتراض ہے تو ہم سے رابطہ کر کے مہلت دی جاتی، جس پر ہم دستاویزات سامنے رکھتے ، اچھے ماحول میں بات ہوسکتی تھی لیکن نہیں کیونکہ عمران خان پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کی بات کررہے ہیں، تو یہ بات حکومت اور کئی شخصیات کو اچھی نہیں لگ رہی۔ہم اس عمل کی مذمت کرتے ہیں، قومی اسمبلی میں اس معاملے کو اٹھائیں گے ، یہاں میرا اور بیرسٹر گوہر کا استحقاق مجروح ہوا ہے ، ہم سی ڈی اے افسران اور آئی جی کو استحقاق کمیٹی میں طلب کر کے جواب مانگیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں