چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر عملدر آمد،9عدالتوں کے ججوں کا تقرر
لاہور (محمد اشفاق سے )پنجاب حکومت نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر 9خصوصی عدالتوں میں ججز تعینات کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے پنجاب کی خصوصی عدالتوں میں ججز کے تقرر کے لئے پنجاب حکومت کو 24مئی تک کی مہلت دی تھی اور یہ بھی حکم دیا تھا اگر ججز کا تقرر نہ ہوا تو پھر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز عدالت میں پیش ہوں جس کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر ججز تقرری کی کمیٹی نے پراسس مکمل کرلیا اور پھر وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی گئی جس کے بعد پنجاب کی 9 خصوصی عدالتوں میں ججز کا تقرر کرکے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا،نوٹیفکیشن آج چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی عدالت میں پنجاب حکومت کی جانب سے پیش کیا جائے گا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کی 5 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالتوں میں ججز کا تقرر کیا گیا ہے ، 2 اینٹی کرپشن عدالتوں اور ایک ایک جج کی تقرری سروس ٹربیونل اور کنزیومر کورٹ میں کی گئی ۔ہائیکورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے بعد وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز آج عدالت پیش نہیں ہوں گی ۔