رفح پر فوجی آپریشن فوری روکا جائے:عالمی عدالت انصاف:اسرائیل نے فیصلہ ماننے سے انکار کردیا

رفح پر فوجی آپریشن فوری روکا جائے:عالمی عدالت انصاف:اسرائیل نے فیصلہ ماننے سے انکار کردیا

دی ہیگ،اسلام آباد ،غزہ (اے ایف پی، رائٹرز،نامہ نگار )عالمی عدالت انصاف نے اسرائیل کو رفح میں فوجی آپریشن فوری روکنے کا حکم دیدیا۔عدالت نے جنوبی افریقا کی درخواست پر 2-13 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔جسٹس نواف سلام نے فیصلہ پڑھ کر سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کوغزہ کے علاقے رفح میں فوجی کارروائیاں فوری طورپرروکنی ہوں گی،غزہ پٹی کے شہری انتہائی تشویشناک حالات سے دوچارہیں۔ اسرائیل فوری طور پر رفح کی بارڈر کراسنگ کو کھولے ۔رفح میں فوجی آپریشن سے انتہائی افسوسناک انسانی سانحہ جنم لے سکتا ہے ۔ عدالت نے کہا اسرائیل ایک ماہ کے اندر غزہ میں صورتحال بہتربنانے کے اقدامات کی رپورٹ عدالت میں پیش کرے اور بین الاقوامی تفتیشی ٹیم کے ارکان کو غزہ کی پٹی میں داخل ہونے کی اجازت دے ۔عدالت کا کہنا ہے کہ رفح میں اسرائیلی اقدامات سے فلسطینی عوام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔اسرائیل نے کئی ہفتوں کی بمباری کے بعد رفح میں زمینی آپریشن شروع کیا اور انخلا کیلئے حفاظتی اقدامات کرنے میں مکمل ناکام رہا۔رفح میں آپریشن سے 8 لاکھ فلسطینی بے گھر ہوئے ۔عدالت نے کہا اقوام متحدہ نے بارہا اسرائیل کو آپریشن کے خطرات سے آگاہ کیا، اقوام متحدہ کے بتائے گئے خطرات عملی شکل اختیار کرنے لگے ہیں۔عدالت نے اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی پر بھی زور دیا۔درخواست کی سماعت کے دوران جنوبی افریقا کی جانب سے دلائل دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ رفح میں فوجی آپریشن غزہ میں جاری فلسطینیوں کی نسل کشی کا آخری مرحلہ ہے ، دفاع کا حق نسل کشی کا جواز فراہم نہیں کرتا، فلسطینیوں کو بچانے کیلئے اضافی اقدامات کی ضرورت ہے ۔ادھر اسرائیل نے فوری طور پر رفح میں آپریشن روکنے سے متعلق عدالت کا فیصلہ ماننے سے انکار کر دیا ۔ اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا کہ جنگ بندی کے حکم پر کسی صورت عملدرآمد نہیں کیا جاسکتا۔اسرائیلی وزیر خزانہ بیزالیل اسموٹرچ نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں جنگ روکنے کا مطلب اسرائیل کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے ۔

دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری غزہ میں اسرائیلی آپریشن روکنے کے فیصلے پر فوری عمل کرائے ۔وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق فیصلے پر عمل درآمد سے دنیا میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔پٹیشن دائر کرنے پر جنوبی افریقا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔جنوبی افریقا نے عدالت کی طرف سے اسرائیل کو رفح میں جارحیت روکنے کے حکم کا خیرمقدم کیا ہے ، وزیر خارجہ نالیدی پنڈور نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ فیصلے کی حمایت کریں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ عدالتی حکم کی تعمیل فریقین پر لازم ہے ۔سعودی عرب ،مصر اور قطر نے بھی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو باقی فلسطینی سرزمین پر بھی حملوں سے روکا جائے ۔ فیصلے پر فوری عملدر آمد کیا جائے ۔حماس کے ترجمان باسم نعیم نے کہا ہے کہ ہم عالمی عدالت کی جانب سے رفح میں اسرائیلی آپریشن فوری روکنے کے حکم کا خیر مقدم کرتے ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ناکافی ہے کیونکہ غزہ کی پٹی اور خاص طور پر شمالی غزہ میں بھی اسرائیلی حملے اتنے ہی شدید اور خطرناک ہیں جتنے رفح میں ۔اسرائیلی فوج نے کہا کہ 7 اکتوبر کو پکڑے گئے تین یرغمالیوں کی لاشیں غزہ سے برآمد کر لی گئیں ۔ادھراسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں رات گئے شدید فضائی حملے کئے ، الدراج محلے میں گھر کو نشانہ بنانے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد شہید ہوگئے ۔

جبالیہ اور اس کے آس پاس بھی اسرائیلی آپریشن شروع ہے ۔جبالیہ قصبے اور اس کے پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فورسز اور حماس کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں جبکہ کمال عدوان ہسپتال کا بدستور محاصرہ جاری ہے ۔برطانیہ کی پولیس نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے غزہ میں جنگ کیخلاف احتجاج کرنے والے 16 افراد کو گرفتار کر لیا۔یورپی یونین نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ آئی سی سی کے ججوں کو دھمکی نہ دے ۔عدالت کے پراسیکیوٹر نے مقدمہ پیش کرنے میں جو کچھ کیا ہے اسے یہود مخالف رویہ نہیں سمجھا جانا چاہئے ۔ اطالوی سیاسی رہنما استفانو اپوزو نے فلسطین کی حمایت کرتے ہوئے اطالوی پارلیمنٹ پر دو فلسطینی پرچم لہرا دئیے ۔عالمی بینک نے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو مالیاتی تباہی کے امکانات کا سامنا ہے کیونکہ غزہ جنگ کے پس منظر میں آمدنی کے ذرائع ختم اور اقتصادی سرگرمیاں تیزی سے گر رہی ہیں۔جرمنی کے چانسلر اولاف شولز کے ترجمان نے کہا ہے کہ آئی سی سی کی جانب سے جنگی جرائم کا مرتکب قرار دئیے جانے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جرمنی میں داخل ہوئے تو گرفتار کرلیا جائے گا۔امریکی صدر جوبائیڈن نے بین الاقوامی عدالت کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں