پنجاب کابینہ:اداروں کے متعلق نفرت انگیزبیانیہ پر عمران خان کیخلاف کارروائی کی منظوری

پنجاب کابینہ:اداروں کے متعلق نفرت انگیزبیانیہ پر عمران خان کیخلاف کارروائی کی منظوری

لاہور(سیاسی رپورٹرسے ،دنیا نیوز )پنجاب کابینہ نے ریاستی اداروں کے متعلق نفرت انگیز بیانیہ پرعمران خان اور دیگر کے خلاف قانونی کارروائی کی منظوری دیدی ۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 8واں اجلاس ہوا۔

 کابینہ نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی خان،بورڈ آف راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دو ٹیکنیکل ایکسپرٹس طاہر مسعود اور شیخ محمد محمودکی نامزدگی،پامکو(PAMCO)اور ایرانی کمپنی ایم ایم آئی سی کیساتھ سیٹلمنٹ ، 12 رکنی کابینہ سٹینڈ نگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی ۔ پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کیلئے اسد اللہ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے تعیناتی ، سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام ، پنجاب انوائرمنٹ اینڈ کلائمنٹ چینج انڈومنٹ فنڈ کمپنی کے قیام کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب انوائرمنٹ انڈوومنٹ فنڈ کے لئے کمپنیز ایکٹ2017کے تحت کمپنی کی منظوری دی۔ دوران ملازمت وفات پانے والے پی ایس پی پولیس افسروں کے اہل خانہ کے لئے مالی امدادکی ،پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لئے ڈاکڑ امجد اور پنجاب ایگریکلچر فود اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی آسامی کے لئے ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ۔ وزیراطلاعات و نشریات عظمیٰ بخاری نے کہا اڈیالہ جیل میں قید شخص ذہنی دباؤ کا شکار ہے ،وہاں سے منظم پروپیگنڈا پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے ، فضول قسم کا الزام لگاتے ہیں کہ مجھے زہر دیا جائے گا۔کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا ہمارے ایک مہمان اڈیالہ جیل میں ہیں، اڈیالہ جیل والے مہمان پاکستان کو لاکھوں میں پڑتے ہیں، یہ علیحدہ پروپیگنڈا ہے کہ مجھے کسی کو ملنے نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہا مسئلہ یہ نہیں کہ ان سے ملنے کون جا رہا ہے ، مسئلہ یہ ہے کہ وہاں سے باہر کیا آ رہا ہے ، لوگ ملاقات کے بعد باہر آکر کہتے ہیں یہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے ، ایک منظم پروپیگنڈا کو جیل سے شروع کر کے پورے ملک میں پھیلایا جاتا ہے ۔عظمیٰ بخاری نے کہا اشتعال انگیزی اور اداروں کے خلاف مہم چلانا اس پارٹی کا ایجنڈا ہے ، جن کو آج کل نیا نیا انقلاب آیا ہوا ہے وہ ملک کا نہیں سوچ رہے ، بانی پی ٹی آئی نے اس ملک میں کونسی دودھ اور شہد کی نہریں بہادی تھیں؟۔صوبائی وزیر نے کہا ٹیلی گراف میں کالم چھپتا ہے اور اس میں درج ہوتا ہے مجھے مار دیا جائے گا، یہ شخص ذہنی بیماری کا شکار ہے جس کا تماشہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے ، پاکستان کی سلامتی عوام کیلئے سب سے زیادہ معنی رکھتی ہے ، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا جب بھی اشتعال انگیزی یا سازش ہو ایک پارٹی کا نام آتا ہے ۔انہوں نے کہا جیل سے بار بار اشتعال انگیزی ہو رہی ہے ، اس کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دیکھنا پڑے گا۔صوبائی وزیر نے کہا پوری کابینہ نے مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا، چاول 100 روپے فی کلو سستے ، 3500 والا گیس سلنڈر 2500 روپے کا ہوگیا ، روٹی 12 روپے ، پٹرول سستا، سیمنٹ، سریا، ڈالر ریٹ بھی کم ہوا ہے ۔

انہوں نے بتایا ہوم ڈیپارٹمنٹ نے انکوائری پیش کی ہے جس میں بتایا گیا کہ پی ٹی آئی والوں کی جانب سے جیل کے اندر اور باہر سے شر انگیزی پھیلائی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا گورنر پنجاب کو چاہیے پہلے ہتک عزت قانون پڑھیں پھر تبصرہ کریں۔دریں اثنائوزیر اعلیٰ مریم نواز نے ملک کے سب سے بڑے ملتان روڈ انٹر چینج کا افتتاح کردیا ۔ وزیر اعلیٰ نے تکمیل کے بعد رنگ روڈسدرن لوپ تھری کا بھی باقاعدہ آغاز کر دیاہے ، ایک ماہ کے لئے ایس ایل تھری پر ٹول ٹیکس معاف کرنے کی ہدایت کی جس کے تحت شہری مفت سفر کرسکیں گے ۔ مریم نواز نے اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ انٹر چینج تک روڈ کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرت نے پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا جنوب سے آنے والی ٹریفک8 کلومیٹر طویل لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پر چند منٹ میں ائیر پورٹ پہنچ سکے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا ایس ایل تھری بننے سے شہر کی اندرونی سڑکوں پر رش کم ہوگا۔مریم نواز سے رکن قومی اسمبلی شذرامنصب اورسابق ایم این اے عابد رضا کوٹلہ نے ملاقات کی جس میں ننکانہ صاحب اور گجرات کے ترقیاتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعلیٰ سے چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان نیوی کی سماجی خدمات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا سمندری حدود کا دفاع کرنے والے پاک نیوی کے جانباز قابل تحسین ہیں۔ رئیر ایڈمرل رضوان احمد،رئیر ایڈ مرل شہزاد حامداورکموڈور ساجد ملاقات میں موجود تھے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں