آج یوم تکبیر، ملک بھر میں سرکاری تعطیل

آج یوم تکبیر، ملک بھر میں سرکاری تعطیل

اسلام آباد، لاہور(نامہ نگار، خصوصی رپورٹر، سیاسی رپورٹر سے، کورٹ رپورٹر) وزیر عظم شہباز شریف نے ایٹمی دھماکوں کی سالگرہ کے سلسلے میں آج 28 مئی کو یوم تکبیر پر ملک بھر میں سرکاری چھٹی کا اعلان کردیا۔

کابینہ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق 28 مئی یوم تکبیر پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، تمام سرکاری اور نجی ادارے بند رہیں گے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یوم تکبیر پر سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔پاکستان 28 مئی 1998 کو دھماکے کرکے ایٹمی طاقت بنا تھا۔ شہباز شریف نے کہا ہے یوم تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے ، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے ۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دبا قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں جو انتشار کی سیاست سے ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

انہوں نے کہا 28 مئی اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف اور پاک فوج کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے ، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہا آئیں آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف سے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد نے بھی ملاقات کی۔پنجاب حکومت نے آج صوبہ بھر میں عام تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

چھٹی کا نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا۔خیبرپختونخوا حکومت نے بھی عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ پورے صوبے میں سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے ۔حکومت بلوچستان نے بھی عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔سپریم کورٹ،اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ میں بھی تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہے یوم تکبیر کے موقع پر عدالت بند رہے گی، تمام کیسز کی سماعت ملتوی کر دی گئی ہے جنہیں آئندہ دنوں میں سنا جائیگا۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی ٰکی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ۔ لاہور ہائیکورٹ ، علاقائی بینچز ملتان، راولپنڈی اور بہاولپور سمیت پنجاب بھر کی سول و سیشن عدالتیں بند رہیں گی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت کے حوالے سے پہلے سے جاری کاز لسٹ منسوخ کردی گئی۔

عام تعطیل کے نوٹیفکیشن کے بعد سٹیٹ بینک نے بھی چھٹی کا اعلان کر دیا۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آج بینکنگ سروسز کارپوریشن اور ملک بھر میں ذیلی دفاتر میں چھٹی ہوگی اور عام تعطیل کے باعث ملک بھر میں بینکوں کی برانچیں بند رہیں گی۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج بھی بند رہے گی۔ نادرا کے دفاتر بند رہیں گے، رات شفٹ والے دفاتر رات 12 بجے سے کھل جائیں گے ۔ میڈیکل کالجز و ایڈمنسٹریشن بلاک کی چھٹی ہونے کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے تمام ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور بند رکھنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے دفاتر بھی آج بند رہیں گے۔ آزاد جموں و کشمیر کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں