اپنا حق اسی طرح لیں گے جیسے انگریزوں سے آزادی لی:وزیراعلیٰ پختو نخوا

اپنا حق اسی طرح لیں گے جیسے انگریزوں سے آزادی لی:وزیراعلیٰ پختو نخوا

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے اور اپنا حق اسی طرح لیں گے جس طرح انگریزوں سے آزادی لی تھی۔

وزیر اعلیٰ نے صوابی میں پیہور ہائی لیول کنال ایکسٹینشن کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ علاقے کی خوش حالی میں اہم کردار ادا کرے گا، اس منصوبے سے علاقے کا 30 ہزار ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کے کمانڈ ایریا میں مزید 8 ہزار ایکڑ اراضی شامل کی جائے گی، زراعت اور آب پاشی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں ۔ہم نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں کے علاوہ روزگار بھی فراہم کریں گے ، نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لیے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے اور نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ہم اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتے ہیں تاکہ عوام کے مسائل مقامی سطح پر حل ہوں، صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام ہوں گے ، عوام غلط کاموں کی نشان دہی کریں ہم بھر پور کارروائی کریں گے ، ہم ظالم کے خلاف مظلوم اور کمزور کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ بجلی کے مسئلے پر وفاقی وزرا سے بات ہوئی ہے ، لوڈشیڈنگ کم کی جائے گی، ہم وفاق سے صوبے کے حقوق کی بات کرتے ہیں تو سر اٹھا کر کرتے ہیں کیونکہ ہم فارم 45 والے ہیں۔علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہر قسم کے ترقیاتی کام ہوں گے لیکن ہمارا اصل مقصد حقیقی آزادی ہے ، بانی پی ٹی آئی ہماری نسلوں کے لیے جیل میں ہیں، ان کی رہائی ہمارا فرض ہے ، بانی پی ٹی آئی حق پر ہیں، ہم حق کا ساتھ دیتے رہیں گے کیونکہ اللہ نے حق کا ساتھ دینے کا حکم دیا ہے ۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف بنائے گئے تمام مقدمات جعلی ہیں انہیں فوری رہا کیا جائے ، انکی رہائی تک ہماری جدو جہد جاری رہے گی، ہر قسم کے مظالم کے باوجود ہم خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں