ہم عوامی لیگ اور بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب نہیں :بیرسٹرگوہر

ہم عوامی لیگ اور بانی پی ٹی آئی شیخ مجیب نہیں :بیرسٹرگوہر

اسلام آباد (آئی این پی )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے شیخ مجیب الرحمن کے حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے منسوب بیان کی وضاحت جاری کردی ۔بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ جس اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کیا گیا وہ ہمارا ہی ہے لیکن خان صاحب ہر ٹوئٹ کے ہر لفظ کو نہیں دیکھ پاتے ۔

 ہمارا 1971 کا موازنہ سیاسی مقابلے میں تھا، پارٹی کو اکثریت حاصل ہوئی لیکن کوئی اجلاس نہیں بلایا گیا۔ رہنما نااہل کئے گئے ، دوبارہ گنتی میں نشستیں کم ہوئیں اور پھر اکثریت اقلیت میں تبدیل ہو گئی۔ تو دیکھیں 1971 میں ملک کے ساتھ کیا ہوا جو اب کیا جا رہا ہے ، یہ ہمارا بیانیہ ہے ۔انہوں نے لکھا کہ ہم عوامی لیگ اور خان صاحب شیخ مجیب نہیں ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ عمران خان کا اپنے اکاؤنٹ سے ہونے والی ٹوئٹ سے کوئی تعلق نہیں، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں وہ ہر ویڈیو یا کانٹینٹ کو منظور نہیں کرتے ، 1971 والی ویڈیو کو فوجی نہیں سیاسی تناظر میں دیکھا جائے ۔واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری گئی تھی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ہر پاکستانی کو حمود الرحمن کمیشن رپورٹ کا مطالعہ کرنا اور یہ جاننا چا ہئے کہ اصل غدار جنرل یحییٰ خان تھا یا شیخ مجیب الرحمن تھا ۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کاکہناتھاکہ نواز شریف نے غلط کہا کہ ثاقب نثار نے ان کو نکالا،ثاقب نثار نے نااہلی کا فیصلہ ہی نہیں دیاتھا، فیصلہ کھوسہ صاحب نے دیا تھا ۔ نواز شریف پی ٹی آئی کو تھرڈ فورس کہتے ہیں ،بانی پی ٹی آئی نے 27سال تک جدوجہد کی، بانی پی ٹی آئی کے امپائر عوام تھے اور ہیں۔انہوں نے کہافوج کا سیاست میں دخل نہیں ہونا چاہئے ،اس وقت بڑا امتحان عدلیہ کے لئے ہے ،رانا ثنا اللہ کی ڈائیلاگ کی آفر زیر غور ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں