تمام مراکز صحت،ہسپتالوں میں بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے:مریم نواز

تمام مراکز صحت،ہسپتالوں میں بچوں کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پتوکی اور کبیروالہ میں خسرہ سے بچوں کی ہلاکتوں کا نوٹس لے لیا ، صوبائی وزرا صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر کبیر والہ کے نواحی بنیادی مرکز صحت کورٹ حق نواز پہنچ گئے ۔

صوبائی وزرا نے خسرہ سے متاثرہ بچوں کے والدین سے آگاہی حاصل کی اور غفلت کا  ارتکاب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر خسرہ سے متاثرہ علاقوں میں کلینک آن ویل فیلڈ ہسپتالوں کی تعداد بھی بڑھادی گئی اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں خسرہ سے متاثرہ بچوں کے علاج کے لئے مخصوص وارڈ بھی قائم کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سیکرٹری ہیلتھ سے خسرہ کے بڑھتے ہوئے واقعات کے اسباب کے بارے میں فوری رپورٹ طلب کرلی ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے حکام کو خسرہ کے مرض میں مبتلا بچوں کو بہترین علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے کہا تمام مراکز صحت اور سرکاری ہسپتالوں میں بچوں کو خسرہ سمیت امراض کی ویکسی نیشن یقینی بنائی جائے ۔مریم نواز نے کہا محکمہ صحت کی کوتاہی اور نااہلی کی وجہ سے معصوم جانیں ضائع ہوئیں۔ کوتاہی کی ذمہ داری کا تعین کرکے قرار واقعی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا روزانہ کی بنیاد پر خسرہ سمیت دیگر وبائی امراض کے کیسز کو مانیٹر کیا جائے اورمتاثرہ بچوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت نہ کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں