شبلی فراز کی یقین دہانی، سی ڈی اے نے تجاوزات آپریشن روکدیا

شبلی فراز کی یقین دہانی، سی ڈی اے نے تجاوزات آپریشن روکدیا

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ، آن لائن،آئی این پی )سی ڈی اے نے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز کی یقین دہانی پر تجاوزات کے خلاف آپریشن روک دیا، ذرائع کے مطابق سی ڈی اے حکام ہیوی مشینری کے ساتھ تجاوزات کے خاتمے کیلئے شبلی فراز کے گھر پہنچے ، شبلی فراز نے سی ڈی اے حکام کو کسی قسم کی تجاوزات نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی ۔

بعدازاں شبلی فراز نے بیان میں کہا سور اورسانپ روکنے کیلئے باڑ لگائی، کرپشن کا کیس نہیں ملا تو کچھ اور انہوں نے ڈھونڈنا ہے ۔ ادھر چیئرمین سینیٹ نے ایوان میں یہ معاملہ اٹھائے جانے کے بعد آج (منگل) رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی، حکومتی اوراپوزیشن ممبران نے چیئرمین سے معاملے کا سختی سے نوٹس لینے کامطالبہ کیا، سیف اللہ ابڑو نے نکتہ اعتراض پر کہا شبلی فراز کا گھر بہت پرانا بنا ہوا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا وزارت داخلہ اور چیف کمشنر سے رپورٹ لے کر منگل (آج) کو ایوان کو بتاؤں گا، اگر شبلی فراز نے تجاوزات نہیں کیں تا تجاوزات کی ہیں پتا چل جائیگا۔ چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے کہا وزیر قانون نے منگل (آج) تک مہلت مانگی ہے رپورٹ سے سب سامنے آجائے گا ۔ شیری رحمان نے کہا پندرہ سال سے شبلی فراز وہاں رہ رہے اچانک آج کیا ہوگیا؟ واقعہ سے ہاؤس کا استحقاق مجروح ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی رہنما عرفان صدیقی نے کہا اپنی جماعت کی جانب سے واقعہ کی بھرپور مذمت کرتا ہوں، اس طرح کے حربے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوتا۔ معاملہ استحقاق کمیٹی میں پیش کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں