پنجاب اسمبلی :جونیئر افسروں کی سینئر عہدوں پر ترقی کا قانون منظور

پنجاب اسمبلی :جونیئر افسروں کی سینئر عہدوں پر ترقی کا قانون منظور

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجاب میں افسر شاہی کے لئے حکومت پنجا ب کا بڑا قدام سامنے آگیا ،پنجاب اسمبلی میں جونیئرافسروں کی سینئر عہدوں پر تعیناتی کے لئے قانون منظور کرلیا گیا ۔

پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز پنجاب سول سرونٹس ترمیمی بل پرووٹنگ  ہوئی ،پنجاب حکومت نے قانون کے سیکشن 9میں ترمیم کا بل اسمبلی میں پیش کیاتھا ، اپوزیشن کے شورشرابے کے دوران بل کی اکثریت رائے سے منظوری دے دی گئی ۔نئے قانون کے تحت پنجاب میں ایک گریڈ جونیئر آفیسرز کی اسسٹنٹ کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ،کمشنرز اورسیکرٹری کے عہدوں پر تعیناتی کے لئے قانونی راستہ ہموار ہوگیا ہے ، سول سر ونٹس سروس کے محکموں لوکل گورنمنٹ ، تعمیرات مواصلات، آبپاشی ،ریونیو اوردیگر میں بھی تعیناتی کیلئے اس قانون کا اطلاق ہوگا ۔ اے ڈی سی آر ، ایکسین ، چیف آفیسرز اور دیگر عہدوں پر بھی مقررہ گریڈ سے ایک گریڈ کم کے آفیسرز تعینات ہو سکیں گے ، ماضی میں جونیئر آفیسرز کی سینئر عہدے پرتعیناتی پر عدالتوں سے رجوع کرلیاجاتاتھا اس معاملے سے بچنے کے لئے حکومت پنجاب نے قانون منظور کروالیا، وفاق میں پہلے سے ہی اس قانون کا اطلاق موجودہے ، گورنرپنجاب کے دستخط کے بعد اس قانون کاصوبہ بھر میں اطلاق ہوجائے گا۔دوسری طرف قائم مقام گورنر ملک احمد خان نے پنجاب اسمبلی کے قواعد و ضوابط 1997 کے قاعدہ 134 کے تحت 13جون کا دن بجٹ اجلاس کے لئے مختص کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کے 11ویں اجلاس میں بجٹ کل دوپہر 2 بجے پیش کیا جائے گا،اس حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔بجٹ اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان کریں گے ،وہ اس وقت قائم مقام گورنر کی ذمہ داریاں بھی نبھارہے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں