وفاقی کابینہ کا اجلاس ،سی پیک ٹو پر تیزی سے عمل ہو گا،شہباز شریف

وفاقی کابینہ کا اجلاس ،سی پیک ٹو پر تیزی سے عمل ہو گا،شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی ،دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے دورہ چین کو انتہائی کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد ہو گا، مستقبل قریب میں اس کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے ۔

 ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگوکرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو معاشی صورتحال اور بجٹ تیاری پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے کہا آپ سب کی کاوشوں اور محنت سے دورہ چین انتہائی مثبت اور کامیاب رہا۔ دورہ چین میں ہونے والی ملاقاتوں میں سکیورٹی سے متعلق امور ایجنڈے میں سرفہرست تھے ۔ چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی۔انہوں نے کہاپاک چین تعاون کو مزید وسعت دینے کے لئے جلد ایک اعلیٰ سطحی چینی حکام کا وفد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ انہوں نے کہا سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے چینی قیادت سے مثبت بات چیت ہوئی۔ سی پیک ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا۔ وفاقی کابینہ نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سفارش پر نیشنل سکول فار پبلک پالیسی(این ایس پی پی )کے بورڈ آف گورنرز میں نجی اور تعلیمی شعبے سے ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی۔ وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر اسلام آباد کے لئے نیشنل کمیشن فار ہیومین رائٹس(این سی ایچ آر )کے رکن کی تعیناتی کا عمل شروع کرنے اور اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی ۔ وفاقی کابینہ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سفارش پر ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ 2024 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے اس پر وزارت قانون و انصاف کو ضروری نظر ثانی کرنے کی ہدایت کی۔

بل کے تحت نیشنل ڈیجیٹل کمیشن پالیسی ساز ادارہ ہوگا جو وفاقی اور صوبائی ممبران پر مشتمل ہوگا اور اس کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے ۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر ثالثی قانون (دی آربیٹریشن بل 2024)کے مسودے پر ضروری قانون سازی کی اصولی منظوری بھی دی۔ کابینہ نے اس حوالے سے آئین کی شق 144 کے تحت صوبوں کے ساتھ مشاورت کی بھی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر قومی احتساب بیورو(نیب)اور سری لنکا کے ادارے کمیشن ٹو انویسٹی گیٹ ایلی گیشنز آف برائبری / کرپشن (سی آئی اے بی او سی)کے مابین مفاہمتی یادداشت(ایم او یو) پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔ اس مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ممالک کے درمیان رشوت اور رقوم کی غیر قانونی ترسیل کے خاتمے کے لئے تعاون کو فروغ ملے گا۔ کابینہ نے سرکاری ملکیتی اداروں کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کے 13 اور20 مئی کو ہونے والے اجلاسوں میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 اور27 مئی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسزکے 5جون کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کو انسداد بجلی چوری مہم میں بھرپور ساتھ دینے اور بجلی چوروں کو قرار واقعی سزائیں دینے ، اوور بلنگ کے سدباب اور تقسیم کار کمپنیوں میں صارفین کی سہولت کے لیے موثر اور متحرک نظام قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر ملک میں کم سے کم لوڈشیڈنگ کی جائے ۔ انہوں نے یہ ہدایت منگل کو جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔اجلاس کو بتایا گیا اوور بلنگ کے ضمن میں یکم اپریل سے 30 مئی تک 134 مقدمات درج اور 90 ملازمین کو گرفتار کیا جا چکا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں