ڈسپوزل کنویں کی زہریلی گیس سے 3سینٹری ورکرز ہلاک

ڈسپوزل کنویں کی زہریلی گیس  سے 3سینٹری ورکرز ہلاک

بھلوال،سرگودھا (نمائندہ دنیا ،سٹاف رپورٹر) ڈسپوزل کنویں کی صفائی کے دوران 3سینٹری ورکرز زہریلی گیس کے باعث ہلاک ہوگئے جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے جسے مزیدطبی امداد کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال سرگودھا منتقل کر دیاگیاہے۔

تفصیلات کے مطابق چار سینٹری ورکرز سیٹلائٹ ٹاؤن بھلوال میں صفائی کیلئے ڈسپوزل کنویں میں داخل ہوئے ، کام کے دوران زہریلی گیس سے چاروں بے ہوش ہوگئے ، انہیں طبی امداد کیلئے تحصیل ہیڈکوارٹرہسپتال بھلوال منتقل کیا گیا جہاں عرفان مسیح، رتن مسیح اور بابر مسیح دم توڑ گئے ،نعیم کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال سرگودھا منتقل کردیا گیا جہاں اس کی حالت نازک ہے ،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سینٹری ورکرز اور ان کے لواحقین ہسپتال پہنچ گئے ، لاشوں کو بلدیہ بھلوال میں رکھ کر احتجاج کیا، لواحقین نے الزام لگایا کہ سینٹری ورکرز کو ڈسپوزل کی صفائی کیلئے کوئی حفاظتی کٹ فراہم نہیں کی گئی جس کے باعث یہ سانحہ پیش آیا ہے ، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے انکوائری کرکے ذمہ داروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے ،دریں اثنا صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بلدیہ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے بلدیہ کے تین افسروں کو فوری معطل کر دیا گیا ہے جبکہ ہلاک ہونے والے سینٹری ورکرز کے ورثا کو 30,30 لاکھ روپے کے امدادی چیک دئیے گئے ہیں۔ ہلاک سینٹری ورکرز کے لواحقین کو تاحیات پنشن اورگھر کے ایک فرد کو نوکری دی جائے گی جبکہ تمام میونسپل کمیٹیوں کو حفاظتی آلات خریدنے کے لئے فنڈز جلد جاری کریں گے ۔ اس موقع پر وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ ،اقلیتی ایم پی اے مس سونیابھی موجود تھیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں