مسلح تنظیموں کو پرامن راستہ دینے پر اتفاق ہوا تھا :فضل الرحمن

مسلح تنظیموں کو پرامن راستہ دینے پر اتفاق ہوا تھا :فضل الرحمن

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)سربراہ جے یو آئی (ف) فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پھر آپریشن کا کہا جارہا ہے ، ریاستوں کے معاملات عجلت سے طے نہیں ہوتے ،ایک دفعہ آہنی باڑلگائی گئی کہ کوئی افغانستان نہ جاسکے ، ہرفیصلہ اشتعال کی بنیاد پرکیا گیا۔

ملک میں دہشت گردی کے واقعات ہورہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے لوگ جب دہشت گردی واقعات کا پوچھتے ہیں توکہتے ہیں افغانستان سے آرہے ہیں، افغانستان سے ایک کمٹمنٹ لے کر آیا تھا اور مسلح تنظیموں کو پرامن راستہ دینے پر اتفاق ہوا تھا ، آج فاٹا کے جرگہ نے ساری صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ، ہمیں اس بارے میں میکنزم بنانا ہوگا، افغانستان کا استحکام پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے ۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن وامان کے حوالے سے صورتحال بہت گمبھیرہے ، مسلح لوگ کئی علاقوں میں پھیل چکے ہیں،مغرب کے بعد ہمارے جنوبی اضلاع میں پولیس تھانوں میں محصورہوکررہ جاتی ہے ، سوات سے لیکروزیرستان تک لوگوں نے بہت قربانیاں دیں، جنگ کے دوران قبائلی لوگوں کوبھیک مانگنے پرمجبورکردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ تباہ حال فاٹا میں لوگوں کے گھرتباہ ہوچکے ہیں، فاٹا کے عوام کا معاشی،عزت نفس کا بھی قتل کیا گیا، فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ کبھی ریاستوں کے معاملات عجلت سے طے نہیں ہوتے ، ریاست کے معاملات دھمکیوں سے طے نہیں ہوتے ۔افغانستان کا استحکام پاکستان کیلئے فائدہ مند ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انکاکہنا تھا کہ ملاقاتیں تو ہوتی رہتی ہیں ہم تو صرف یہ کہتے ہیں کہ آپ کے پاس ہمارے تحفظات کے ازالے کا کچھ ہے ۔ ہم تو اداروں سے گلہ کرتے ہیں سیاسی جماعتوں سے ناراض نہیں۔ فضل الرحمن نے کہا جرگہ عزم استحکام آپریشن سے قبل بلایا گیا تھا اور جرگے کے ایجنڈے پر عزم استحکام آپریشن شامل نہیں تھا، تاہم جرگے نے عزم استحکام کو عدم استحکام قرار دیا اور اس پر عدم اعتماد کیا۔انہوں نے کہا کہ 1980 سے لے کر افغانستان کا چپہ چپہ خون سے رنگا ہے ، افغانستان کو کیوں مستحکم ہونے نہیں دیا جا رہا ، پھر معلوم ہوتا ہے کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل کیا جاتا ہے ۔ہم تو آئین و قانون کے تحت پاکستان کو امارات اسلامیہ بنانا چاہتے ہیں،عزم استحکام میرا درد سر نہیں، میں اب حکومت کو نہیں ملک کو مشکل سے نکالنا چاہتا ہوں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں