پنجاب اسمبلی :ضمنی بجٹ پر بحث مکمل ،آج منظوری دی جائیگی

پنجاب اسمبلی :ضمنی بجٹ پر بحث مکمل ،آج منظوری دی جائیگی

لاہور(سیاسی رپورٹرسے )پنجاب اسمبلی نے ضمنی بجٹ پر بحث مکمل کر لی ، آج جمعہ کے روز مطالبات زر کی منظوری دے کر ضمنی بجٹ پاس کیاجائے گا۔

 پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ضمنی بجٹ پر بحث میں اپوزیشن رکن جنید افضل ساہی نے اینٹی کرپشن پولیس کو ’’آنٹی آف کرپشن‘‘قرار دیدیا، بیوروکریسی اور افسروں کو یزید سے تشبیہ دیدی، ان کا کہناتھاکہ انتہا کی لٹ مچانے والی اینٹی کرپشن پولیس آنٹی آف کرپشن ہے ،کوئی اپوزیشن رکن ایسا نہیں جسے انہوں نے نوٹس نہ بھیجا ہو،تین سال پہلے کٹے پرچے بھی مجھ پر ڈال دئیے ،اگرلیاقت علی خان ،ضیاالحق ،بینظیر بھٹو کے قاتل نہیں پکڑے گئے تو وہ بھی مجھ پر ڈال دیں ، پنجاب پولیس اور یزید کی فوج میں کیا فرق رہا ،ہماری خواتین کے دوپٹے کھینچے گئے ، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیاگیا۔ جنید افضل ساہی نے کہاکہ ہماری حکومت میں یزید کے پیروکار افسر ہمارے ساتھ تھے اب یہ سرکاری مراثی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر قصیدہ گوئی کرتے ہیں۔پاکستان سپر لیگ کمرشل ایونٹ ہے اس سے ریونیو جنریٹ ہوتا ہے ،افسروں کے بچے پی ایس ایل کا مفت میچ دیکھتے ہیں لیکن غریب کا بچہ پیسے دے کر کرکٹ سٹیڈیم جاتا ہے ۔ حکومتی رکن شہریار ملک نے کہاکہ پی ٹی آئی دور پر نظر ڈالی جائے توانہیں ایوان میں منہ دکھانے کا موقع نہ ملے ،اگر اس بجٹ پر عمل ہوا تو پنجاب کو کھویا ہوا مقام مل جائے گا ۔ان کی حکومت کی وجہ سے ٹمن ڈیم کی لاگت ڈیڑھ ارب سے بڑھ کر پانچ ارب روپے ہوگئی ہے ۔حکومتی رکن آمنہ حسن شیخ نے کہاکہ عمران خان نے سیاست شروع کی تو بس اوئے جلا دوں گا ،جیل بھیج دوں گا ،اے سی اتار دوں گا پر فوکس رکھا ۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ضمنی بجٹ کے موقع پر گیلری سے سرکاری آفیسر تجاویز نوٹ کرنے کی بجائے ایک ایک کرکے چلے گئے ،بحث کے وقت ایوان میں صرف 43ارکان موجود تھے وہ بھی اپنی اپنی تقاریر کرکے ایوان سے چلے گئے ، ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس آج صبح دس بجے تک ملتوی کردیاگیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں