پاک آذربائیجان تجارت بڑھانے کا لائحہ عمل دیں:وزیراعظم

پاک آذربائیجان تجارت بڑھانے کا لائحہ عمل دیں:وزیراعظم

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاپاکستان اور آذربائیجان کے مابین تجارت کی استعداد اور موجودہ تجارت کو بڑھانے کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کیا جائے ۔

جغرافیائی لحاظ سے پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے سمندر تک اقتصادی راہداری کا قدرتی راستہ فراہم کرتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وسط ایشیائی ممالک بالخصوص آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعلقات کے فروغ کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔شہباز شریف نے آذربائیجان کے ساتھ اقتصادی و سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون و تجارتی شراکت داری کو مضبوط کرنے کیلئے ایک جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے ۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے پر بات چیت ہو رہی ہے ،دریں اثنا وزیراعظم نے ینگ پارلیمنٹیرینز کے وفد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران کہا حکومت نوجوانوں کو روزگار کے بھرپور مواقع فراہم کرنے اور ان کی سکلز ڈویلپمنٹ کے لئے بہت سے منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔ سکلز ڈیویلپمنٹ اور کھیلوں کے شعبے کے لئے بھی تاریخی فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔ وفد میں اراکین قومی اسمبلی راجہ اسامہ سرور، بیرسٹر عقیل ملک، بیرسٹر دانیال، احمد عتیق انور، نوشین افتخار، رانا ارادت شریف خان، محمد عثمان اویسی،عمار احمد خان لغاری، ڈاکٹر شائستہ خان، زینب بلوچ، سعد وسیم،شاہد عثمان شامل تھے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے اراکین قومی اسمبلی رانا قاسم نون ریاض الحق، ارمغان سبحانی اور وسیم قادر نے الگ الگ ملاقات کی۔ملاقات کے دوران متعلقہ حلقوں کے امور اور ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بات چیت کی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں