امریکی کا نگریس کی قرار داد کیخلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرار داد منظور:11ارکان کی معطلی پراپوزیشن کا دھرنا

امریکی کا نگریس کی قرار داد کیخلاف پنجاب اسمبلی میں بھی قرار داد منظور:11ارکان کی معطلی پراپوزیشن کا دھرنا

لاہور(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اسمبلی نے بھی امریکی کانگریس کی قرارداد کے خلاف قرارداد منظور کر لی ۔ضمنی بجٹ 2023،24 کے 37 مطالبات زر کی منظوری دیدی گئی۔

 11 ارکان کی معطلی پر اپوزیشن کا کارروائی کا بائیکاٹ ، اسمبلی گیٹ پر دھرنا دیتے ہوئے اپنی اسمبلی لگا کر ہتک عزت بل کیخلاف علامتی قرارداد منظور کر لی۔سکیورٹی نے اپوزیشن کے معطل ارکان کو اسمبلی حدود میں داخل ہونے سے روک دیا۔اپوزیشن ارکان نے اسمبلی گیٹ بجانا شروع کردئیے اور شدید نعرے بازی کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ حکومتی رکن احسن رضا خان نے امریکی کانگریس کی جانب سے پاس کی جانے والی قرارداد کی مذمت کیلئے قرارداد پیش کی۔ قرار داد کے متن میں کہا گیا امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے ، پاکستان کے عام انتخابات کو اس قرارداد کے ذریعے متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی،پاکستان کے تمام ادارے آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں۔

متن میں کہا گیا امریکی قرارداد یہودی سازش کا حصہ ہے جو ملکی عدم استحکام کو فروغ دینے کے لئے یہودی لابی کی طرف سے لائی گئی۔ایوان نے قرار داد منظور کرلی۔ایوان نے ضمنی بجٹ کے 11 کھرب 94 ارب 79 کروڑ 75 لاکھ 2 ہزار کے مطالبات زر کی منظوری دیدی، اپوزیشن نے بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا ۔اپوزیشن رکن رانا آفتاب نے پوائنٹ آف آرڈر پر بات کرنا چاہی اسی دوران حکومتی اراکین نے شور شرابا شروع کر دیا ۔سپیکر نے ضمنی بجٹ کی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے اپوزیشن کو کٹ موشن پیش کرنے کی دعوت دی جس پر حکومتی اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے اور شور شرابا شروع کر دیا ،حکومتی رکن احسن رضا نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں ۔

اپوزیشن رکن مشتاق اور رانا آفتاب نے کہا سپیکر صاحب اگر آپ میں ہمت ہے تو حکومتی اراکین کو بھی معطل کریں ۔اپوزیشن ارکان نے کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا اورباہر چلے گئے ۔سپیکر نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے اپنا اجلاس اسمبلی کے مرکزی گیٹ پر شروع کردیا ۔علامتی اجلاس میں قاضی احمد اکبر نے ہتک عزت بل نامنظور کرنے کی قرارداد پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ 11 اراکین کو معطل کرنے کے حکم کیخلاف تحریک بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی ۔دریں اثنائسپیکر ملک محمد احمد نے کہا ہے سابق حکو مت نے اس وقت کے اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازکو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئر مین کیوں نہیں لگایا؟ اس کے بارے میں پرویز الٰہی سے ضرور پوچھیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا مقدس ایوان میں ہلڑ بازی، غیر پارلیمانی گفتگو اور رویے نا قابلِ برداشت ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں