پہلی بارش، لاہور میں جل تھل ایک، فیڈرز ٹرپ، بجلی گھنٹوں غائب

پہلی بارش، لاہور میں جل تھل ایک، فیڈرز ٹرپ، بجلی گھنٹوں غائب

لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر سے، اپنے رپورٹر سے، نمائندگان دنیا)لاہور کے مختلف علاقوں میں مون سون کی پہلی بارش نے جل تھل ایک کردیا، تیزبارش نے ملی میٹرزمیں سنچری کی جبکہ واپڈاکے گرڈسٹیشز سینکڑوں فیڈرز آؤٹ آف کنٹرول ہوگئے اور بجلی گھنٹوں غائب رہی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں مون سون کی پہلی موسلادھار بارش ہوئی جسے ملی میٹرزمیں100درجے سے زیادہ ریکارڈ کیاگیا۔ قرطبہ چوک میں 110 ملی میٹر جبکہ لکشمی چوک میں 105 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ،جیل روڈ پر 48، ایئرپورٹ پر 23 ، گلبرگ میں 76 ،اپرمال پر49 ،مغلپورہ میں 53 ،تاجپورہ میں 40 ، نشتر ٹاؤن میں 51 ،چوک ناخدا میں 48 ،پانی والا تالاب میں 72، فرخ آباد میں 30 ،گلشن راوی میں 61 ،اقبال ٹاؤن میں 33 ،سمن آباد میں 41 اور جوہر ٹاؤن میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔واسا اہلکار شہر بھر میں بارش کے کھڑے پانی کو نکالنے کیلئے ڈیوٹی کرتے رہے ۔ لیسکو کا ترسیلی نظام بارش کا جھٹکا نہ برداشت کر سکااور 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ،جس سے متعدد علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی، گرمی اور حبس میں شہریوں کا براحال ہو گیا،کئی علاقوں میں 7 گھنٹے بعد بھی بجلی کو مکمل طور پر بحال نہیں کیاجاسکا ۔ پنجاب کے دیگرشہروں میں بھی گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، پانی جمع ہونے کے باعث گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جن کی بحالی میں کئی گھنٹے صرف ہوئے ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج کشمیر، بالائی پنجاب، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ، ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں