پی ٹی آئی کورکمیٹی کی 3 قراردادیں منظور، عمر ایوب کا استعفیٰ واپس لینے کی بھی سفارش

پی ٹی آئی کورکمیٹی کی 3 قراردادیں منظور، عمر ایوب کا استعفیٰ واپس لینے کی بھی سفارش

لاہور، اسلام آباد(سیاسی رپورٹر سے، خصوصی نیوز رپورٹر)تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں تین اہم قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئی ہیں۔

سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کا بطور سیکرٹری جنرل استعفیٰ منظور نہ کرنے کی سفارش بھی قرارداد کا حصہ ہے ، قرارداد میں کہا گیا ہے کہ کور کمیٹی سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کی جانب سے انتہائی کٹھن اور آزمائشی حالات کے دوران پارٹی کے لیے پیش کی گئی قابل تحسین خدمات کی معترف ہے ، عمر ایوب سے پارٹی عہدے سے اپنا استعفیٰ واپس لینے کی درخواست کرتے ہیں، عمر ایوب کی بطور پارٹی سیکرٹری جنرل خدمات موجودہ حالات کے تناظر میں پارٹی پالیسیوں کے تسلسل کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہیں، کور کمیٹی بانی چیئرمین عمران خان سے عمر ایوب خان کا استعفیٰ منظور نہ کرنے کی درخواست کرتی ہے ،کور کمیٹی نہایت حساس اور اہم ترین موڑ پر پارٹی سے راہیں جدا کرنے والے افراد کی شدید مذمت کرتی ہے ، مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ جانے والوں کے پاس باہر بیٹھ کر پارٹی معاملات پر تبصرہ آرائی کرنے کا کوئی اخلاقی جواز یا اختیار نہیں، پارٹی کا ایسے تمام افراد سے کوئی سروکار ہے نہ ہی ان کے بیانات کسی طور پارٹی معاملات پر اثرانداز ہو سکتے ہیں، مشکل وقت میں راہیں جدا کرنے والے لوگ پارٹی کیلئے پھر سے کبھی قابلِ قبول نہیں ہوں گے ، وہ تمام افراد جنہیں اپنے کیے پر افسوس ہے ان کے متعلق فیصلہ بانی چیئرمین کی صوابدید ہے ، پارٹی اس امر کی توثیق کرتی ہے کہ ہر حال میں پارٹی صفوں میں سخت نظم و ضبط کا نفاذ کیا جائے گا، مستقبل میں پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تمام معاملات سے فوری طور پر نہایت سختی سے نمٹا جائے گا،بنیادی رکنیت کی معطلی سمیت دیگر تادیبی اقدامات کا سامنا کرنا ہو گا، جن افراد کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر نوٹسز دیے جا چکے ان کے معاملات سات روز میں نمٹائے جائیں گے ۔ تحریک انصاف نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کر دیا ۔ترجمان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ بالواسطہ یا براہِ راست عوام کو لوٹنے کے علاوہ مینڈیٹ چوروں کے پاس ملک چلانے کا کوئی اور طریقہ موجود نہیں،منتخب جمہوری حکومت کے خلاف رجیم چینج سازش کے بعد سے لیکر آج تک عوام کے معاشی قتلِ عام کا سلسلہ جاری ہے ، مینڈیٹ چور پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لے اور عوام کے معاشی قتلِ عام کا مکروہ سلسلہ فی الفور بند کرے ،

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں