پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک نہیں،کل دونوں گروپوں کو بلایا :عمران

پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک نہیں،کل دونوں گروپوں کو بلایا :عمران

راولپنڈی (خبر نگار)عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔پارٹی چھوڑنے والے رہنماؤں کے بارے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشدد سہنے والے اور فائلیں دیکھ کر بھاگنے والے پارٹی رہنماؤں کے بارے میں الگ فیصلے ہوں گے ۔ پارٹی میں کوئی بڑے اختلافات نہیں ۔ صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی میں اب گروپنگ واضح ہوچکی ہے آپ نے اس بارے کیا فیصلہ کیا ہے جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے دونوں گروپوں کو کل بلایا ہے ان سے بات کروں گا ۔کانگریس نے پاکستانی انتخابات سے متعلق قرارداد میں اہم سوالات اٹھائے ہیں۔ کانگریس نے پوری تحقیقات کے بعد متفقہ طور پر قرار داد منظور کی۔ کانگریس کی قرار داد میں وہی سوالات اٹھائے گئے جن کا ذکر پلڈاٹ، فافن اور پٹن میں ہے ۔ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ امریکا میں اسرائیلی لابی سب سے زیادہ مضبوط ہے وہ بھی امریکا کی تاریخ میں ایسی قرار داد نہیں لاسکی ۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا کانگریس کی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے یا سائفر مداخلت تھا، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ کانگریس کی قرارداد انتخابات سے متعلق ہے جبکہ سائفر میری حکومت کے خاتمے سے متعلق تھا۔

میں آج بھی ڈونلڈ لو کی مداخلت پر اپنے موقف پر قائم ہوں ۔ صحافی نے پوچھا کہ عمر ایوب کے خلاف نعرے لگے ہاتھا پائی ہوئی کیا یہ پارٹی میں تقسیم کی نشان دہی نہیں ؟ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ عمر ایوب نے پارٹی کے لئے بہت قربانیاں دیں اور بہت مشکل وقت دیکھا ہے ۔بانی پی ٹی آئی نے فواد چودھری سے متعلق سوالات کو سنجیدگی سے نہیں لیا نہ کوئی جواب دیا اور کہا کہ موجودہ بجٹ ظالمانہ بجٹ ہے اس سے مہنگائی کا طوفان آنے والا ہے ۔ سفارشی سازشی وزیر داخلہ نے کرکٹ کو بھی تباہ کردیا ۔ یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے ،سارا ملک جھوٹ پر چل رہا ہے ۔ حکومت نے کانگریس کی قرارداد کے مقابلے میں اپنی قراداد پیش کی ۔ حکومت قرار دادیں پیش کرنے کے بجائے ملک کو بچانے کا سوچے ۔ پاکستان کو بچانا ہے مشکلات سے نکالنا ہے تو شفاف الیکشن کے علاؤہ کوئی چارہ نہیں۔ آئی ایس آئی کے میجر اور کرنل کا جیل میں کیا کام ہے ۔ یہ اوپن ٹرائل ہے لیکن آئی ایس آئی نے سپریٹنڈنٹ جیل کو کنٹرول کیا ہوا ہے ۔ ہم نے جیل میں آئی ایس آئی کے میجر اور کرنل کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے ۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے گفتگو سے روکنے پر بانی پی ٹی آئی بار بار مشتعل ہوتے رہے ۔بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ ایک مقام سجیئن ہے ایک مقام علیئن ہے ایک مقام یہ ہے جہاں ہم کھڑے ہیں۔یہاں جھوٹوں، فراڈیوں اور چوروں کی حکومت ہے ۔ اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا موجودہ حکومت شیطانی حکومت ہے ۔ ملک اور فوج کی بدنامی کا باعث بن رہی ہے ۔یہ لوگ ہمیں کیا گرائیں گے ان کو میرا رب گرائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں