190ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

190ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت منظور

راولپنڈی، اسلام آباد ( خبر نگار ، اپنے نامہ نگار سے ، نیوز ایجنسیاں ) احتساب عدالت اسلام آباد نے 190ملین پاؤنڈز ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست منظورکر لی ۔

احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز سکینڈل ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔ دوران سماعت وکلا کی جانب سے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔ پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر نے ضمانت کی درخواست پر دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا کہ ریفرنس میں بشریٰ بی بی کی گرفتاری مطلوب نہیں اور نہ ہی ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں اس لئے درخواست نہیں بنتی ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر ضمانت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو مختصر وقفے کے بعد سناتے ہوئے بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست منظور کر لی۔ دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے نیب کے مزید تین گواہان کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت پانچ جولائی تک ملتوی کر دی۔جیل حکام کا کہنا ہے کہ ضمانت منظور ہونے کے باوجود بشریٰ بی بی کو رہا نہیں کیا جاسکتا کیونکہ وہ عدت میں نکاح کیس میں سزا کاٹ رہی ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی دوران عدت نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت آج تک ملتوی کر دی ۔فاضل جج نے کہا کہ اگر رجوع کا حق تھا تو وہ ایک سول معاملہ ہے اس کا کریمنل سے کیا تعلق ؟؛سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ کافی نہیں کہ یہ کہہ دینا کہ میں رجوع کر لیتا ۔ فاضل جج نے کہا کہ ایک دن نکاح ہوا دوسرے دن خاور مانیکا کو پتہ چل گیا لیکن وہ خاموش رہے ۔ادھر انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی ،عمر ایوب ، علی نواز اعوان و دیگر رہنماؤں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی اور تھانہ گولڑہ میں درج دو مقدمات میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی کے پروڈکشن کے حوالے سے رپورٹ طلب کر لی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں